• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور چڑیا گھر کا اکلوتا برفانی تیندوا ہلاک


پشاور چڑیا گھر کا اکلوتا برفانی تیندوا ہلاک

خیبرپختونخوا حکومت پشاور کے چڑیا گھر میں موجود اکلوتے نایاب برفانی تیندوا کی صیح طور پر حفاظت نہ کرسکی ، برفانی تیندوا دس سال کی عمر میں ہی دم توڑ گیا۔

چڑیا گھر میں ایک ماہ کے دوران یہ تیسرے جانور کی ہلاکت کا واقعہ ہے، خیبرپختون خوا حکومت نے برفانی تیندوے کی ہلاکت کی انکوائری کا حکم دیا ہے۔

پشاور میں گزشتہ ماہ صوبہ کے سب سے بڑے چڑیا گھر کا افتتاح ہوا، جہاں گلیات سے لایا گیا اکلوتا دس سالہ نایاب اور قیمتی برفانی تیندوا چڑیاگھر کی زنیت اور شہریوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا تھا۔

برفانی تیندوا گزشتہ 9سال سے خیبر پختون خواحکومت کی تحویل میں تھا، جسے گزشتہ ماہ چڑیا گھر منتقل کیا گیا تاہم وہ مر گیا، برفانی تیندوے کی زیادہ سے زیادہ عمر 14سال ہوتی ہے۔

پشاور میں موسم گرماکی آمد کے پیش نظر برفانی تیندوے کو 15اپریل سے قبل گلیات منتقل کیا جانا تھا۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر چڑیا گھر محمد علی کے مطابق برفانی تیندوے کو کوئی بیماری نہیں تھی۔

خیبرپختون خو ا حکومت نے جانور کی ہلاکت کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے 7دن میں چڑیا گھر انتظامیہ سے رپورٹ طلب کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران پشاور کے چڑیا گھر میں یہ تیسرے جانور کی ہلاکت ہے، اس سے قبل 10سالہ بندر بھڑیے کے حملے کے باعث ہلاک ہوا تھا تاہم انتظامیہ نے بندر کی موت کو طبعی قرار دیا تھا۔

چڑیا گھر میں ایک ہرن کی ہلاکت بھی ہوئی تھی، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ہرن کو کوئی بیماری نہیں تھی اور وہ پشاور منتقلی کےد وران سفری تھکان برداشت نہ کرسکا اور ہلاک ہو گیا۔

تازہ ترین