• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان میں چھپے دہشت گرد تشدد ترک کریں، حکومت معافی دے گی، آرمی چیف

افغانستان میں چھپے دہشت گرد تشدد ترک کریں، حکومت معافی دے گی، آرمی چیف

لندی کوتل،راولپنڈی ( اشرف الدین پیر زادہ، اے پی پی، آئی این پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہےکہ افغانستان میں چھپے دہشت گرد تشدد ترک کردیں، حکومت انہیں معافی دے گی، پاکستان نے دہشت گردی کو شکست دیدی ہےاور ان دہشتگردوں کو بھی معاف کردیں گے اگر وہ ہتھیار چھوڑ دیں اور ریاست کی رٹ کو چیلنج نہ کرنے کا عہد کریں۔ جمعے کوآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ لنڈی کوتل گئے جہاں پر قبائلی جرگے کے عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ فاٹا اصلاحات میں قبائلی علاقوں کے عوام کی خواہشات کو مدنظر رکھا جائے گا، 10سال میں قبائلی علاقوں میں ایک ہزار ارب روپے خرچ ہونگے، امن وامان کے حوالے سے افغانستان سے بات چیت جاری ہے۔ قبل ازیں آرمی چیف نے پشاور کور ہیڈ کوارٹرز اور خیبر ایجنسی کا دورہ کیا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کور ہیڈ کوارٹرز میں آرمی چیف کو فاٹا اور خیبرپختونخوا میں سیکورٹی کی صورتحال اور آپریشن ردالفساد پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ کو عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ بیان کے مطابق آرمی چیف نے خیبر ایجنسی میں پاک۔افغان سرحد پر حفاظتی باڑ لگانے کے کام کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے علاقہ میں تعینات پاک فوج کے افسروں، جوانوں اور قبائلی عمائدین کے ساتھ بھی ملاقات کی اور امن و امان کے قیام کیلئے ان کی قربانیوں کو سراہا۔ اسی طرح علاقہ میں قیام امن کو یقینی بنانے کے حوالہ سے سیکورٹی فورسز کی معاونت کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ امن و امان اور سلامتی کیلئے کی جانے والی موجودہ کوششیں بارآور ثابت ہوں گی۔ کور کمانڈر پشاور اور آئی جی ایف سی خیبرپختونخوا بھی دورہ میں شریک تھے۔

تازہ ترین