• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی، 100 انڈیکس میں 132 پوائنٹس کی کمی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک روزہ تیزی کے بعد پھر مندی ، 100 انڈیکس میں132پوائنٹس کی کمی ہو گئی۔سرمایہ کاری مالیت میں25ارب99 کروڑ روپے سے زائدکی کمی، کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت12.26 فیصدکم جبکہ60.33فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہائوسز سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے منافع بخش سیکٹر میں سرمایہ کاری کے باعث کاروبارکا آغاز مثبت زون میں ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 100انڈیکس 43552پوائنٹس کی بلندسطح پر بھی ریکارڈ کیاگیاتاہم سیاسی افق پر بے یقینی کیفیت کے باعث مقامی سرمایہ کارگروپ تذبذب کا شکار نظرآئے اور اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی جس کے نتیجے میں تیزی کے اثرات زائل ہوگئے تاہم اتار چڑھائو کا تسلسل سارا دن جاری رہا۔ مارکیٹ کے اختتام پر 100 انڈیکس 131.86 پوائنٹس کمی سے 43363.21 پوائنٹس پر بند ہوا ۔ مجموعی طور پر 363 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ، جن میں سے 132کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ ، 219 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 12کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا ۔جمعہ کو 19کروڑ 33 لاکھ 97 ہزار 480 شیئرز کا کاروبار ہوا ، جو جمعرات کی نسبت 2کروڑ 70 لاکھ 43ہزار 30شیئرزکم ہے ۔ سرمایہ کاری مالیت میں 25ارب 99کروڑ 38لاکھ 5ہزار 752 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ،جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر 90کھرب 64ارب 82 کروڑ 21 لاکھ 35ہزار 389 روپے ہو گئی ۔ قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے بھینیروٹیکسٹائل کے حصص سرفہرست رہے ، جس کے حصص کی قیمت 30.00 روپے اضافے سے 695.00 روپے اورسیمنزپاک کے حصص کی قیمت 21.00 روپے اضافے سے 952.00 روپے ہو گئی ۔ نمایاں کمی ملت ٹریکٹرز کے حصص میں ریکارڈ کی گئی ، جس کے حصص کی قیمت 43.40 روپے کمی سے 1254.39 روپے اورپاک ٹوبیکوکے حصص کی قیمت 40.00 روپے کمی سے 2105.00 روپے ہو گئی ۔جمعہ کو پاک الیکٹرون کی سرگرمیاں ایک کروڑ 64لاکھ 23ہزار 500 شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں ، جس کے شیئرز کی قیمت 80پیسے اضافے سے 46.54روپے اور لوٹے کیمیکل کی سرگرمیاں ایک کروڑ 32لاکھ 88ہزار 500 شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں ، جس کے شیئرز کی قیمت 22پیسے کمی سے 10.01 روپے پر بند ہوئی ۔جمعہ کو 30 انڈیکس 126.82 پوائنٹس کمی سے 21550.69 پوائنٹس ، کے ایم آئی 30 انڈیکس 223.61پوائنٹس کمی سے 73773.12 پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 73.13 پوائنٹس کمی سے 31607.70 پوائنٹس ہو گئی ۔
تازہ ترین