• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عراقی اسائلم سیکر ٹیوب ٹرین میں بم دھماکہ پر اقدام قتل میں ملوث قرار

لندن (نیوز ڈیسک) ایک عراقی اسائلم سیکر کو لندن میں ایک ٹیوب ٹرین میں بم دھماکہ پر اقدام قتل میں ملوث قرار دیا گیا ۔احمد حسن کی ڈیوائس پارسنز گرین پر مسافروں سے بھری ایک بوگی میں مکمل طور پر نہیں پھٹ سکی تھی، تاہم اس کے دھماکہ سے کئی افراد زخمی ہوئے اور بھگڈر مچ گئی تھی۔اس نے کسی کو نقصان پہنچانے کی خواہش کے الزام سے انکار کرتے ہوئے اولڈ بیلی پر جیوری کوبتایا کہ وہ موسم گرما کی تعطیلات میں ’’بور‘‘ ہو چکا تھا اور ایک ایکشن فلم دیکھنے کے بعدخود کو ایک مفرور کی حیثیت سے دیکھنے کے تصور میں مبتلاتھا۔تاہم جیوری نے اس کے جرم سے متعلقہ’’بھرپور شواہد‘‘ کی سماعت کے بعد اسے جرم میں ملوث قرار دے دیا۔مسٹر جسٹس ہیڈن۔کیو نے سماعت کے بعد اسے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ احمد حسن تم اولڈ بیلی پر بھرپور شواہد کی روشنی میں اس جیوری کو اقدام قتل میں ملوث پائے گئے ہو۔انہوں نے سزا سنانے کے انتظامات کیلئے مقدمہ کی سماعت ملتوی کر دی۔عینی شاہدین نے جیوری کو دہشت سے متعلق بتایا جب 15ستمبر کی صبح رش کے اوقات کے دوران ڈیوائس پھٹی۔اس واقعہ میں 50سے زائد افراد زخمی ہو گئے تھے۔حسن نے اعتراف کیا کہ وہ ایک بیگ میں دھماکہ خیز ڈیوائس لے کر ٹرین میں سوار ہوا تھا جس کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی دیکھا گیا، تاہم اس نے دعویٰ کیا کہ اسے یقین تھا کہ ڈیوائس پھٹ نہیں سکے گی کیونکہ وہ اس کا تجربہ اپنے رضاعی والدین کے باورچی خانہ میں کر چکا تھا۔پراسکیوٹرز نے عدالت کو بتایا کہ احمد حسن جس وقت 400گرام دھماکہ خیز مواد لے کر ٹرین میں سوار ہوا تھا تو ’’غصہ‘‘ اور ’’نفرت‘‘ اس کے محرکات تھے۔
تازہ ترین