• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلڑی شاہ کریم، بااثر شخصیات کی آشیر واد سے مختار کار آفس پر قبضہ

بلڑی شاہ کریم (نامہ نگار ) ضلعی انتظامیہ اور بااثر سیاسی شخصیات کی آشیر واد سے مختارکار آفس پر دن دیہاڑے قبضہ کرلیا گیا۔ قبضہ مافیا نے مختارکارآفس کے تالے توڑ کر چند ہی گھنٹوں میں اس کے اطراف چاردیواری تعمیر کر لی ہے اور گیٹ بھی لگا دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ مختار کارآفس کا عملہ گزشتہ کئی ماہ سے بلڑی شاہ کریم کے اس دفتر میں نہیں بیٹھ رہا تھا اور زرعی زمینوں کا ریکارڈ بھی ریونیو عملے کی گاڑیوں یا ان کے ذاتی ڈیروں میں پڑا دکھائی دیتا تھا۔ مختار کارآفس کی عدم دیکھ بحال کی وجہ سے قبضہ مافیا اس پر قابض ہو گئی ہے۔ اس حوالے سے جنگ کی جانب سے رابطہ کرنے پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان جنید احمد سموں نے کہا کہ انہوں نے مختارکار بلڑی شاہ کریم کو ہدایات جاری کی ہیں کہ مختار کارآفس پر قبضے سے متعلق رپورٹ کریں تاکہ مزید کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ اہم سرکاری آفس پر کسی صورت قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ دوسری جانب بلڑی شاہ کریم کی دیگر اہم سرکاری عمارات پر پہلے ہی قبضے ہو چکے ہیں ویٹرنری اسپتال ، ایگریکلچر آفس ، محکمہ اوقاف ، اسکولوں ، اسپتالوں اور واٹر سپلائی اسکیموں سمیت قبرستان کی اراضی پر بھی قبضہ مافیا نے قبضے کر رکھے ہیں بلڑی شاہ کریم کے شہریوں اور سیاسی و سماجی شخصیات نے چیف جسٹس ہائی کورٹ آف سندھ اور چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
تازہ ترین