• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کو اپنے پڑوسی ملکوں کے مقابلے میں خوشحال ترین ملک قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں دنیا کے خوشحال ملکوں کی درجہ بندی کی گئی جس کی رو سے پاکستان کو بھارت کے مقابلے میں 58وائنٹس زیادہ ملے ہیں۔ دوسرے ملکوں میں پاکستان چین سے 12ایران سے 31اور افغانستان سے 70پوائنٹس آگے ہےمجموعی طور پر پاکستان کو دنیا کے 156 ممالک میں 75 واں درجہ دیا گیا ہے۔ اس درجہ بندی میں مختلف ممالک کے لوگوں کی انفرادی آمدنی، لمبی زندگی کی امید، صحت، سماجی تعاون، آزادی، سخاوت اور کرپشن میں کمی کو معیار بنایا گیا ہے۔ رپورٹ کا عنوان ہے ’’عالمی خوشی کی رپورٹ 2018‘‘ اس کے مطابق پچھلے سال کے مقابلے میں پاکستان 5درجے بہتری کے ساتھ 80 ویں سے 75 ویں پوزیشن پر آ گیا ہے جبکہ بھارت کے حالات بدستور خراب رہے۔ عالمی درجہ بندی میں اس کا نمبر 133واں ہے۔ اقوام متحدہ کی درجہ بندی رپورٹ کا مقصد ایسے ملکوں کی نشاندہی ہے جن کے لوگ سب سے زیادہ خوش رہتے ہیں۔ امریکہ امیر ملک ہے مگر اس کے لوگ بخیل اور کنجوس ہونے کی وجہ سے خوش نہیں رہتے۔ 4درجے تنزلی کے بعد وہ 18 ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ یہ امر نہایت خوش کن ہے کہ دہشت گردی جیسے مسائل کے باوجود پاکستان خوشی اور خوشحالی کے اعتبار سے پڑوسی ملکوں سے کہیں بہتر ہے۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ پاکستان کے لوگ انتہائی محنتی ہیں اور رزق اور روزگار کیلئے ہر قسم کی مشقت اٹھانے کے عادی ہیں۔ حکومت بھی ان کی فلاح و بہبود اور معاشی ترقی کیلئے مثبت اقدامات کر رہی ہے جن کے اچھے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ اگرچہ سیاسی بے چینی اور بے یقینی کا ماحول لوگوں کے ذہنی اضطراب کا باعث بن رہا ہے مگر اکثریت اسے معمول کی بات سمجھتی ہے اور اپنے طرز زندگی پر اثر انداز نہیں ہونے دیتی۔ ملک میں اس وقت توانائی اور انفراسٹرکچر سمیت متعدد ترقیاتی منصوبے زیر تکمیل ہیں جن سے روزگار کے مواقعے بڑھ رہے ہیں امید کی جا سکتی ہے کہ مستقبل میں بہتر منصوبہ بندی سے ملک میں مزید خوشحالی آئیگی اور لوگوں کی خوشیوں میں اضافہ ہو گا۔

تازہ ترین