• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان طالبان و جنگجوئوں کے خلاف لازمی اقدامات کرے ،امریکا

پاکستان طالبان و جنگجوئوں کے خلاف لازمی اقدامات کرے ،امریکا

امریکا کی جانب سے ایک بار پھر پاکستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ طالبان اور دیگر جنگجوگروپوں کے خلاف لازمی مزید اقدامات کرے ۔

وائٹ ہائوس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی سے امریکی نائب صدر مائیک پینس نےاپنی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔

وائٹ ہائوس کے مطابق مائیک پنس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی درخواست کو ایک بار پھر دہرایا جس میں پاکستان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ طالبان، حقانی نیٹ ورک اور دیگر دہشت گرد گروپوں کی مسلسل موجودگی کے حوالے سے مزید اقدامات اٹھائے ۔

وائٹ ہاوس کے مطابق مائیک پینس کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ مل کر کام کرسکتا ہے اور اسے لازمی طور پر کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے واشنگٹن میں امریکی نائب صدر مائیک پنس سے ملاقات کی تھی، ملاقات امریکی نائب صدر کی مائیک پنس کی رہائش گاہ پر ہوئی جو 40منٹ تک جاری رہی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاک امریکا تعلقات، افغانستان سمیت خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزیر اعظم نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں اور قربانیوں کا ذکر بھی کیا تھا ۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نجی دورے پر امریکا گئے ہوئے ہیں۔

تازہ ترین