• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز خطوط قابل مذمت ہیں،پیر ظفر حسین جماعتی

مانچسٹر (علامہ عظیم جی)امت مسلمہ کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے، مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے اور ایسے خطوط جن میں لوگوں کو مسلمانوں کے خلاف ابھارا جائے قابل مذمت بھی ہیں۔ اس کے تدارک کے لئے مسلمانوں کو محتاط رویے اپنانے اور باہمی رابطوں کو بڑھانا چاہئے۔ یورپ برطانیہ میں آباد مسلمانوں کو عقیدہ ختم نبوتؐ کے تحفظ اور اپنی نئی نسل کو آگاہ رکھنے کے لئے اسوۂ حسنہ اپنانے کی تربیت کا اہتمام کرنا چاہئے۔ اہل بیت اطہار و صحابہ کبار رضی اللہ عنہ کے ساتھ عقیدت و محبت کی سعی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان سے تشریف لائے ہوئے سجادہ نشین امیر ملت علی پورسیداں شریف نارووال پیر طریقت سید محمد ظفر حسین جماعتی نے انجمن خدام صوفیہ اور علما کونسل برطانیہ کے صدر صاحبزادہ پیرسید مزمل حسین جماعتی کی طرف سے شاہ چراغ اکیڈمی جماعت منزل مانچسٹر میں استقبالیہ اور یوم سیدنا ابوبکر صدیقؓ و ناموس رسالت ختم نبوتؐ کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں مسلمانوں کے خلاف مختلف اسلام دشمن قوتیں متحد ہوکر سازشیں اور نفرت پھیلا رہی ہیں، ایسے وقت میں اپنے اور اپنی نئی نسل کے ایمان و عقیدہ کے تحفظ کے لئے ہر قسم کی فرقہ واریت اور اختلاف سے بالاتر ہوکر متحد ہوجانا چاہئے تا کہ اتحاد بین المسلین کو مستحکم کیا جاسکے۔ پیرسید محمد ظفرحسین جماعتی نے کہا کہ ختم نبوت کے عقیدے کی آگاہی نئی نسل کو ضرور دی جائے تاکہ منکرین ختم نبوت کے پروپیگنڈہ سے نئی نسل کو محفوظ کیا جاسکے۔ اس موقع پر انہوں نے شان صحابہ کبار اور خلیفہ راشد سیدنا ابوبکر صدیقؓ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر انجمن خدام صوفیہ ور علماء کونسل برطانیہ کے صدر پیرصاحبزادہ سیدمزمل حسین جماعتی نے کہا کہ برطانیہ ملٹی فیتھ ملٹی کلچرل معاشرہ ہے اس میں مسلمان ہیٹ ڈے اور نفرتوں بھرے خطوط اور نعرے کسی طرح بھی درست نہیں ہیں۔ برطانیہ میں مسلمان اور انگریز مل کر رہ رہے ہیں یہ چند شرپسندوں کی کارستانی ہے۔ اس سلسلہ میں ٹوری حکومت اور لیبرپارٹی کے سربراہوں کی مذمت اور پولیس کی بروقت مداخلت خوش آئند ہے، تاہم بعض واقعات کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے سجادہ نشین امیرملت پیرسیدمحمد ظفرحسین جماعتی کے دورہ برطانیہ کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اولیائے کرام کی محبت اور صوفیانہ طریقہ سے نوجوان نسل کی اصلاح ممکن ہے۔ اس موقع پر نوٹنگھم یونیورسٹی میں نسل پرستی کی بھینٹ چڑھنے والی مسلمان طالبہ کی موت کوافسوسناک قرار دیتے ہوئے حملہ آور کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔ تقریب میں سید جاوید شاہ، بزنس کمیونٹی رہنما چوہدری مسرت علی، ڈاکٹر یونس پرواز، چوہدری نواز دلو، چوہدری احسان، چوہدری ریاض، محمود خان، صلاح الدین کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ سجادہ نشین پیرسید محمد ظفر حسین جماعتی برطانیہ میں مختلف مقامات پر خصوصی خطاب و ملاقاتیں کریں گے۔
تازہ ترین