• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلشن ضیاء میں لینڈ مافیا سرگرم،مختلف ناموں سے جعلی منصوبوں کی تشہیر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پراجیکٹ ڈائریکٹر (پی ڈی) اورنگی، بلدیہ عظمیٰ کراچی محمد رضوان خان نے متنبہ کیا ہے کہ شہری گلشن ضیاء، اورنگی ٹائون میں کسی بھی قسم کی زمینوں کی خرید و فروخت نہ کریں، جعلساز قبضہ کی گئی زمینیں جعلی کاغذات پر عوام کو گمراہ کرکے فروخت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، شہری مکمل معلومات اور زمینوں کی اصل پوزیشن جاننے کے لئے ڈپارٹمنٹ سے تصدیق کرائیں، گلشن حبیب، گلشن بہادر اور مختلف ناموں سے جعلی پراجیکٹس غیر قانونی ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت تمام متعلقہ اداروں کو صورتحال سے آگاہ کردیا ہے، میئر کراچی اور چیئرمین اراضیات کمیٹی کے ایم سی نے بھی لینڈ گریبرز کے خلاف مکمل کاروائی کی ہدایت دی ہے،وہ میئر کراچی وسیم اختر اور چیئرمین اراضیات کمیٹی ارشد حسن کی ہدایات پر مختلف یو سی چیئرمینز اور وائس چیئرمینز کے ساتھ اجلاس کررہے تھے،انہوں نے کہا کہ شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں تجاوزات کا خاتمہ کردیا ہے، جبکہ سیکٹر13-Gاورنگی ٹائون میں زیر تعمیر شادی ہال کی تعمیر رکوا کر دستاویز سندھ بلڈنگ بلڈنگ کنٹرول کو تصدیق کے لئے بھیج دی ہیں ۔اسی طرح سیکٹر 13-Hمیں توڑے گئے شادی ہال پر ہر قسم کے قبضے کی روک تھام کے لئے ایک انسپکٹر کو ذمے داری تفویض کردی ہے۔ گلشن ضیاء کی سب سے زیادہ شکایات آنے پر سخت کاروائی کرتے ہوئے وہاں فوری دفتر قائم کردیا ہے، جہاں عوام شکایات درج کراسکیں گے،جبکہ مسز شاکر،جلیس ، سلیم ، جمیل، حنیف، عمران اور دیگر کے خلاف کاروائی کی جا رہی ہے، جو خلاف قانون پراجیکٹس کی این او سی جاری کر رہے ہیں، جس کی کے ایم سی، ایس بی سی اے اور کسی بھی ادارے نے اجازت نہیں دی ہے،عوام پراجیکٹس کے نام سے جعلی این اوسی پر خرید و فروخت نہ کریں۔
تازہ ترین