• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اے پی این ایس ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس، سالانہ رپورٹ اور حسابات منظور

کراچی (پ ، ر) اے پی این ایس کی ایگزیکٹو کمیٹی نے اپنا سالانہ اجلاس عام 31مارچ 2018ء کو کراچی میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اجلاس عام میں سال 2018-19ء کیلئے ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین کا انتخاب ہوگا اور اخباری صنعت کے مسائل کے حل کیلئے حکمت عملی اور اقدامات وضع کئے جائیں گے ۔ ایگزیکٹو کمیٹی نے رواں سال کیلئے سیکرٹری جنرل کی سالانہ رپورٹ اور سالانہ حسابات کی منظوری دی ۔ ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین نے صدر سرمد علی اور سیکرٹری جنرل عمر مجیب شامی کو وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے اشتہارات کے اجراء کے خلاف سپریم کورٹ کے از خود نوٹس کے معاملہ کو خوش اسلوبی سے حل کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ سپریم کورٹ کی طرف سے سرکاری اشتہارات میں عوامی نمائندوں کی تصاویر پر ازخود نوٹس کے نتیجے میں سرکاری اشتہارات کا اجراء رک گیا ۔جس پر اے پی این ایس نے اشتہاری مہم کا آغاز کیا سپریم کورٹ کے اس مہم کے نتیجے میں اے پی این ایس اور پی بی اے کو اس کیس میں فریق بنایا اے پی این ایس کے وکیل منیر ملک اور پی بی اے کے وکیل بابر ستار نے رہنما ضوابط کا مسودہ سپریم کورٹ میں منظوری کیلئے پیش کیا ۔ اے پی این ایس کے صدر سرمد علی کی درخواست پر قابل احترام چیف جسٹس نے تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول صوبائی حکومتوں کو حکم دیا کہ وہ مجوزہ رہنما ضوابط کے مطابق اشتہارات کا اجراء شروع کریں۔ مجلس عاملہ کے اراکین نے اشتہاری ایجنسیوں کے ممتاز مالکان کی نیب حکام کی جانب سے گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے میڈیا کی صنعت پر انتہائی برے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ اراکین نے نیب حکام پر گلزار علی ،انعام اکبر، مسعود ہاشمی اور دیگر گرفتار اشتہاری ایجنسیوںکے مالکان کی ضمانت کی درخواست منظور کرنے اور ان کے اکائونٹس کی جلد بحالی پر زور دیا تاکہ یہ ایجنسیاں احسن طریقے سے اپنے امور چلاتے ہوئے رکن مطبوعات کے واجبات بروقت ادا کرسکیں۔ مجلس عاملہ نے ایسو سی ایٹ ممبر شپ کیلئے درخواستوں پر غور کرتے ہوئے روزنامہ بزنس نیوز ملتان کو ایسو سی ایٹ رکنیت کی منظوری دی ۔ اس کے علاوہ مجلس عاملہ نے میسرز اسٹار کرسٹ (پرائیوٹ) لمیٹڈ کراچی کی جانب سے ایسو سی ایٹ شپ کیلئے درخواست کو منظور کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ مکمل ایکریڈیشن کیلئے دی سرکل ایجنسی (پرائیوٹ) لمیٹڈ کی جانب سے درخواست پر غور کرنے کے بعد اسے بھی مکمل ایکریڈیشن دینے کا فیصلہ کیا ۔ اجلاس میں مندرجہ ذیل اراکین نے شرکت کی :سرمد علی (صدر)، قاضی اسد عابد (سینئر نائب صدر)، مہتاب خان (نائب صدر)، عمر مجیب شامی( سیکرٹری جنرل )، وسیم احمد (فنانس سیکرٹری) ، ممتاز اے طاہر (روزنامہ آفتاب)، محمد بلال فاروقی (روزنامہ آغاز)، رحمت علی رازی (ہفت روزہ عزم / روزنامہ طاقت)، ہمایوں طارق(روزنامہ بزنس رپورٹ) ، علی قادر (روزنامہ بزنس ریکارڈر)، ریاض احمد منصوری (ماہنامہ دی کرکٹر)، سید علی حسن نقوی (روزنامہ ڈان)، نجم الدین شیخ(روزنامہ دیانت)، محمد اسلم لغاری (روزنامہ کاوش )، میاں اکبر علی(روزنامہ خبریں)،طاہر محمود (ماہنامہ کرن ڈائجسٹ)، سید ممتاز احمد شاہ (روزنامہ مشرق لاہور)، رمیزہ مجید نظامی (روزنامہ نوائے وقت)، عنایت اللہ نیازی (ماہنامہ نیا رخ)،فیصل زاہد ملک(روزنامہ پاکستان آبزرور)، ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی (ماہنامہ روحانی ڈائجسٹ)، خوشنود علی خان (روزنامہ صحافت)، ہمایوں گلزار (روزنامہ سیادت)، جمیل اطہر (روزنامہ تجارت لاہور) ، شاہد محمود (روزنامہ تجارتی رہبر فیصل آباد)، سید ہارون شاہ (روزنامہ وحدت)، اور عثمان عرب ساطی (روزنامہ وطن گجراتی) جبکہ مجیب الرحمن شامی (روزنامہ پاکستان) اور ضیاء شاہد (روزنامہ خبریں)نے خصوصی درخواست پر شرکت فرمائی۔
تازہ ترین