• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مذہبی جماعتیں پہلے بھی اکھٹی ہوئیں اب بھی ،پر کچھ کیانہیں،خادم حسین رضوی

سکھر (بیورو رپورٹ) تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے قیام پاکستان کے مقاصد کو فراموش کرادیا ہے، قوم کے رہنما بننے والے منزل بھی گنوا بیٹھے ہیں، اب قوم کا مذاج اور ذائقہ بدل چکا ہے، مذہب کے نام پر ووٹ لینے والے بتائیں کہ انہوں نے کیا کیا ہے، دین کے نام پر جو ووٹ لے چکے ہیں، انہیں قوم کے سامنے اپنی کارکردگی پیش کرنی چاہیے۔ وہ سکھر میں تاجر رہنما حاجی ہارون میمن کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی جماعتیں پہلے بھی اکھٹی ہوئی تھیں اور اب بھی اکھٹی ہورہی ہیں مگر انہوں نے کچھ نہیں کیا، قوم ان سے پوچھے گی کہ یہ پھر کس کے نام پر جمع ہورہے ہیں، محافظ ختم نبوت کو تختہ دار پر لٹکایا گیا، اسمبلیوں میں ہولیاں کھیلی گئیں، نصاب سے قرآن و حدیث کو نکال دیا گیا، ان لوگوں نے کیا کردار ادا کیا، مذہبی جماعتیں خاموش رہیں۔ انہوں نے کہا کہ راجہ ظفر الحق کمیٹی کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے ۔ہم نے مجلس شوریٰ کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے ہیں، وہ لوگ جو پہلے یہ سمجھتے تھے کہ سیاست صرف بددیانتی کا نام ہے ، وہ ہم سے رابطے کررہے ہیں، آئندہ الیکشن میں ملک بھر سے صاف ستھرے نمائندے کھڑے کریں گے، ہمارا منشور واضح ہے، ہم نے تحفظ ختم نبوت پر پہرہ دیا ہے۔
تازہ ترین