• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خالد مقبول کی فاروق ستار کو کنوینر شپ کی دعوت

خالد مقبول کی فاروق ستار کو کنوینر شپ کی دعوت

ایم کیو ایم پاکستان بہادر آباد گروپ کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے ڈاکٹر فاروق ستار کو ایک بار پھر پارٹی میں واپس آنے اور کنوینر شپ دینے کی پیش کش کرتے ہوئے کہا ہے کہ رابطہ کمیٹی میں دونوں گروپ سے آدھے آدھے ممبران رکھنے سے پارٹی متحد نہیں مزید تقسیم ہوگی۔

ایم کیو ایم پاکستان بہادر آباد کی جانب سے 34 ویں یوم تاسیس کے موقع پر نشتر پارک میں جلسے کا اہتمام کیا گیا جس میں کراچی سمیت سندھ کے دیگر علاقوں سے بھی خواتین سمیت کارکنان نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب میں ایم کیو ایم بہادر آباد کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم اور مہاجروں کو کوئی تقسیم نہیں کرسکتا۔

انھوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں ہم سندھ میں حکومت بنائیں گےاور آئندہ پارٹی کے تمام فیصلے میرٹ پر ہوں گے۔

جلسے سے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان ، میئر کراچی وسیم اختر، خواجہ اظہار اور فیصل سبزواری سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے کہا کہ ایم کیو ایم ایک تھی، ایک ہے اور ایک رہے گی، عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے کر پیپلز پارٹی کا مقابلہ کریں گے ۔

جلسہ میں قرارداد کے ذریعے مردم شماری اور حلقہ بندیوں کو مسترد کرتے ہوئے کچھ علاقوں میں دوبارہ مردم شماری کروانے اور لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا گیا جبکہ جلسہ کے اختتام پر آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔

تازہ ترین