• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کے حق حکمرانی پر کسی کو سودے بازی کرنے نہیں دینگے،پشتونخوامیپ

کوئٹہ (آئی این پی )پشتونخوامیپ ضلع کوئٹہ کے جاری بیان میں پشتون تحفظ موومنٹ کے زیر اہتمام کوئٹہ ، خانوزئی، قلعہ سیف اللہ اور ژوب میں پر امن اورجمہوری جلسوں میں شرکت کرنیوالی مختلف سیاسی جمہوری پارٹیوں ، تنظیموں ، سول سوسائٹی کے رہنماؤں کے خلاف بلاجواز غیر قانونی مقدمات کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان غیر قانونی مقدمات کا مقصد پشتون ملت اور ان کے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں اور عوام پر غیر جمہوری اور غیر قانونی ہتھکنڈوں کے ذریعے دباؤڈال کر انہیں اپنے قومی واک واختیار اور ترقی وخوشحالی کے حصول کی جدوجہد سے دستبردارکرنے کی مذموم سازش ہے جسے پشتون ملت ہر صورت ناکام بنائے گی۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ پشتون تحفظ موومنٹ کے جمہوری مطالبات برحق ہیں اور وزیر اعظم نے ان مطالبات پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ نقیب اللہ شہید کے قتل میں ملوث ایس ایس پی راؤانواراور ان کےدیگر ساتھیوں کی گرفتاری حکمرانوں اور ان کے اداروں کی صلاحیت سے باہر ہوچکی ہے لیکن دوسری طرف پشتونخوا وطن کے تمام عوام کے سرومال کے تحفظ اور ان کے علاقوں میں لاقانونیت ، بدامنی کے خاتمے اور انہیں زندگی کے ہرشعبے میں بنیادی انسانی حقوق وسہولیات کی فراہمی کی پرامن جدوجہد پر قدغن لگانے اور ان کے رہنماؤں کے خلاف غیرقانونی مقدمات کا مقصد پشتون عوام کودھونس ودھمکی کے ذریعے مرعوب کرنے کے سوا کچھ نہیں۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ پشتونخوامیپ ملک میں جمہوریت ، اس کے استحکام ، آئین وقانون اور پارلیمنٹ کی بالادستی اور قوموں کی برابری کی جدوجہد میں ہمیشہ کی طر ح فعال کردار ادا کرتے ہوئے عوام کے حق حکمرانی پر کسی صورت کسی کو سودے بازی کرنے نہیں دیگی۔
تازہ ترین