• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرپشن اور احتساب کے چاچا مامے بندر کی طرح ناچتے ہیں، فضل الرحمٰن

کرپشن اور احتساب کے چاچا مامے بندر کی طرح ناچتے ہیں، فضل الرحمٰن

کوٹ ادو (نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز) جمعیت علماء اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ایک دوسرے کو چور کہنے والے سینیٹ ا لیکشن میں ایک بنچ پر نظر آئے‘ عجب مقابلے ہو رہے ہیں‘ عمران خان کہتا ہے میں نے زرداری کو گند میں نہلا دیا ‘ زرداری صاحب کہتے ہیں میں نے عمران خان کو چکر دیا پھنسا دیا ‘ ایک احتساب کا چاچا ماما بنا پھرتا ہے ‘ دوسرے کو کرپشن کا چاچاکہتے ہیں‘ کرپشن اور احتساب کے چاچا مامے بندر کی طرح ناچتے ہیں ، ڈگڈگی پر ناچنے والے بندروں کو ملک سے نکالنا ہے ‘ مدارس پہلے ہی قومی دھارے میں ہیں آپ اسلامی دھارےمیں آجائیں ‘مدارس پر بلا جواز تنقید بند کی جائے‘ کون ہیں جو ہمارا حق حکمرانی چیلنج کرتے ہیں ، مکروہ چہرے بےنقاب کرنے کیلئے میدان میں نکلے ہیں‘ ملک میں اسلامی پرچم لہرائیں گے‘ پرویز مشرف نے قوم کو دلدل میں دھکیلا‘ ادارے نکال نہیں پار ہے‘ سرائیکی صوبہ ہمارے اقتدار میں بنے گا‘ جے یو آئی باطل کیخلاف صف آراء ہے‘ ظلم اور جبر کی رات جلد ختم ہوگی ۔ اتوار کومیونسپل اسٹیڈیم کوٹ ادو میں نظام مصطفیٰ ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پورا پنجاب جے یوآئی کا گڑھ ہے ان کی جماعت باطل کے خلاف صف آراءہے‘پورےعزم کےساتھ اپنے عزم کو جاری رکھیں گے‘ مجھے جابروں کی تاریخ بھی معلوم ہے اور اپنی بھی‘ ہم ان کےوارث ہیں جنہوں نے انگریزوں کو چیلنج کیا تھا‘ آج لوگ امریکا کو طاقتور سمجھتے ہیں ہمیں امریکا کا رعب نہ دکھائیں۔ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ تھانوں کی سیاست اور غریبوں کی تذلیل کا وقت گزرچکاہے‘ظلم اورجبر کی رات جلدختم ہوگی‘حالات کامقابلہ کریں گے‘ ہمارے آباؤ واجداد بھی انگریزوں سے مرعوب نہیں ہوئے ‘ ہم جاگیرداروں اور وڈیروں کے آباؤ اجداد کو بھی جانتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ہم آج بھی بھکاری ہیں‘ امریکا چند ٹکوں کی خاطر ہمیں طعنے دیتا ہے ‘امریکا دندناتا پھر رہا ہے‘ ہمیں ایسےحکم دیتا ہے جیسے ہم اس کے غلام ہوں‘ روس کےساتھ امریکا کی جنگ اس کے اقتصادی نظام کو تباہ کرنا تھا‘ امریکاکی غلامی سے ہم نے کیا حاصل کیا ؟ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو دیکھ لیاہے‘اس جنگ میں پاکستان کو 100ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا۔ اسلام کو تباہ کرنے کیلئے دہشتگردی کے نام پر جنگ چھیڑی گئی ‘ پکے پکائے ایجنٹ ملک میں موجود ہیں‘جے یوآئی اسمبلی میں نہ ہوتی تو ختم نبوت قانون کو ختم کردیا جاتا‘ یہ سب ایک خاص منصوبہ بندی کے تحت ہورہا ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نےکہاکہ ایک دوسرے کو چور کہنے والے سینیٹ الیکشن میں ایک بنچ پر نظر آئے‘ عجب مقابلے ہورہے ہیں‘ عمران خان کہتا ہے میں نے زرداری کو گند میں نہلا دیا ‘ زرداری صاحب کہتے ہیں میں نے عمران خان کو چکر دیا پھنسا دیا ‘ ایک احتساب کا چاچا مامابنا پھرتاہے‘دوسرے کوکرپشن کا چاچا کہتے ہیں‘ ڈگڈگی پر ناچنے والے بندروں کو ملک نے نکالنا ہے‘ کشمیر کی جنگ ایک مستحکم پاکستان لڑسکتا ہے‘ لہٰذا طاقتور سیاسی قوت بننا ہوگا‘ ہماری مملکت کشمیر کے مسئلے کو بھول رہی ہے‘ امریکا پاکستان کی معیشت کو تباہ کرنا چاہتاہے‘آج امریکا بھارت کوسپورٹ کررہا ہے ‘یہ سب ایک خاص منصوبہ بندی کےتحت ہورہاہے۔ نظام مصطفی رائج کرکے ملک پر اسلامی پرچم لہرائیں گے۔ جمعیت کے بزرگوں مولانا عبداللہ درخواستی‘ مولانا مفتی محمود‘ مولانا لقمان علی پوری‘ مولانا دوست محمد قریشی کو آج بھی لوگ یاد کرتے ہیں۔ مولانافضل الرحمٰن نےکہا کہ ان شاء اللہ سرائیکی صوبہ بھی ہمارے اقتدار میں ہی بنے گا۔ جلسہ سے وفاقی وزیر امیر محمد زمان‘چوہدری شہبازگجر‘یحییٰ عباسی‘ عبدالمجید توحیدی‘ مولانا حبیب اللہ علی پوری‘ مولانا جمال عبدالناصر‘ ارشد صدیقی ایڈو وکیٹ‘ قاری ابراہیم‘ قاری ادریس‘ مولانا ڈاکٹر عتیق الرحمان‘مولانا اشفاق قاسمی‘ مولاناحذیفہ شاکر‘عبیدالرحمان قاسمی‘زبیر فاروقی’رفیق مجاہد‘حکیم ضمیر احمد ودیگر مقررین نےبھی خطاب کیا۔

تازہ ترین