• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناقص صفائی،سربراہ واٹر کمیشن سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ پر برہم

کراچی( طاہر عزیز/ اسٹاف رپورٹر) واٹر کمیشن کے سربراہ امیر ہانی مسلم نے اتوار کی شب کراچی بالخصوص ضلع جنوبی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے صفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائزہ لیا ناقص صفائی پر انہوں نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے حکام پر برہمی کا اظہار کیا جبکہ زیر تعمیر عمارتوں کا ملبہ سڑکوں پر پڑا دیکھ کر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کی سرزنش کی۔ واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے کراچی میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے حکومت سندھ اور میئر کراچی کو ایک ہفتے کا وقت دیا ہے، چیف جسٹس کے حکم کے بعد واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ امیر ہانی مسلم نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے صورتحال کا خود جائزہ لیا ان کے ہمراہ سیکرٹری بلدیات رمضان اعوان ،سیکرٹری محکمہ زراعت جمال مصطفیٰ، ایم ڈی واٹر بورڈ خالد محمود شیخ، ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی آغا مقصود عباس، ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی، پولیس سمیت دیگر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے ، امیر ہانی مسلم نے اکبر روڈ، برنس روڈ سمیت صدر کی مختلف سڑکوں،سولجر بازار نالہ اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا، صفائی کی ناقص صورتحال دیکھ کر انہوں نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ حکام پر برہمی کا اظہار کیا انہوں نے عمارتوں کی تعمیر میں خلاف ورزی دیکھ کر خاص کر ملبہ وغیرہ سڑکوں پر جمع رہنے پر ایس بی سی اے کے ڈائریکٹر جنرل آغا مقصود عباس سے استفسار کیا کہ ایسا کیوں ہے واٹر کمیشن کے سربراہ نے تفصیلی دورہ کر کے شہر میں صفائی کی صورتحال فوری بہتر بنانے کی ہدایات دیں۔
تازہ ترین