• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایل او سی پر کشمیری شہید ہورہے ہیں، برطانوی حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار اداکرے، سلطان محمود

لوٹن/ہائی ویکمب/لندن( شہزاد علی) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور کشمیر تحریک انصاف کے سربراہ بیر سٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ کنٹرول لائن کی صورتحال عالمی توجہ کی متقاضی ہے بھارت نے سرحدی علاقوں میں بسنے والے نہتے معصوم کشمیری لوگوں پر ظلم و بربریت کا بازار گرم کر دیا ہے فائرنگ سے بے گناہ کشمیری شہریوں کو شہید کیا جارہا ہے ان کا مطالبہ ہے کہ آزاد کشمیر حکومت متاثرہ لوگوں کو دس لاکھ کے حساب سے امدادی پیکیج دے موجودہ امداد ناکافی ہے وہ گزشتہ شب لندن کے مضافاتی علاقے ہائی ویکمب میں پر ہجوم پریس کانفرنس اور پارٹی ورکروں کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر اور سیز فائر لائن کے متاثرین سے اظہاریکجہتی کے لئے دنیا بھر میں کام کر رہے ہیں اسی لئے وہ آج یہاں ہائی ویکمب آئے ہیں اور برطانیہ کے علاوہ جنیوا اور برسلز جاکر عالمی برداری کی توجہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال کی جانب مبذول کرائیں گے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ برطانیہ میں کشمیریوں کی بہت بڑی تعداد آباد ہے برطانیہ کے کشمیریوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ لہٰذا یہاں پر پی ٹی آئی کشمیر کا مضبوط ہونا از حد ضروری ہے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ 7اپریل کو نریندر مودی برطانیہ آرہا ہے اس پر برطانیہ میں مقیم کشمیری مودی کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرہ کریں۔ انھوں نے کہا کہ کشمیری ڈائیسفرا برطانوی پارلیمنٹ، ممبران ہاوس آف لارڈز اور حکومت پر زور دے کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔ قبل ازیں جمعہ کی شام لندن پہنچنے پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے امور کشمیر کے مشیر چوہدری فاروق احمد، ساوتھ زون کشمیر پی ٹی آئی کے صدر چوہدری حکم داد اور دیگر رہنماوں نے پر تپاک استقبال کیا۔ہائی ویکمب میں سابق مئیر ویکمب اور سلطان محمود چوہدری کے دیرینہ دوست چوہدری اللہ دتہ، صدر کشمیر تحریک انصاف ویکمب بیرسٹر ارمان عالم، چوہدری مہربان حسین ، لوٹن سے بابر اعوان لندن سے چوہدری دلپذیر، ساوتھ ھمپٹن سے چوہدری فاروق احمد ، شیراز خان، اور چودھری حکمداد ، ویکمب سے کشمیر فریڈم موومنٹ کے مرکزی سنئیر نائب صدر حاجی محمد یاسین ویٹفورڈ سے چوہدری شاہپال، نارتھھمپٹن سے فیض حمید فیضی سمیت 100 سے زائد عمائدین نے شرکت کی ۔اپنے خطاب میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ برطانیہ میں کشمیر تحریک انصاف کی بھرپور ممبر سازی کرکے ان کے ہاتھ مضبوط کیے جائیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کشمیر برطانیہ نےرکنیت سازی کی ابتدا کر دی ہے اور پارٹی عہدیداروں کے ہدایت کی ہے کہ دو ماہ کے اندر رکنیت سازی مکمل کرکے 10مئی کو برطانیہ میں انٹرا پارٹی الیکشن کراکے برطانیہ کے تمام زونز اور شہروں کی تنظیمیں مکمل کی جائیں ۔ انہوں نے کہا پاکستان میں انتخابات کی آمدہے اس لئے بھی یہاں برطانیہ میں پی ٹی آئی کشمیر کو مضبوط کرنا ضروی ہے اسی طرح آزاد کشمیر میں بھی بلدیاتی انتخابات کا بگل کسی بھی وقت بج سکتا ہے اسلئے ہم نے یہاں برطانیہ میں پی ٹی آئی کشمیر کی ممبر شپ مہم کا آغاز کیا ہے۔قبل ازیں لندن میں پی ٹی آئی کشمیر برطانیہ ساؤتھ زون کے عہدیداران، پارٹی رہنماؤں اور کارکنوںکی نشست میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے برطانیہ میں ممبر شپ کا آغاز پی ٹی آئی کشمیر برطانیہ ساؤتھ زون کے صدر چوہدری حکمداد سے کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کشمیر آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن چوہدری اللہ دتہ، چوہدری مہربان، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے مشیر برائے کشمیر چوہدری فاروق، آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن فیض حمید فیضی، ہائی ویکمب کے صدر بیرسٹر ارمان عالم، یوتھ کے چوہدری شیراز فاروق اور شہزاد مجید چوہدری اور دیگررہنماء بھی موجود تھے۔بعد ازاں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری برمنگھم روانہ ہوگئے جہاں پر وہ مڈلینڈ میں ممبرشپ کا آغاز کریں گے جبکہ آج بیرسٹر سلطان محمود چوہدری برسلز روانہ ہو جائیں گے۔ برسلز پروگرام کے بعد وہاں سے وہ جنیوا روانہ ہو جائیں گے جہاں پر وہ اقوام متحدہ کےکمیشن برائے انسانی حقوق کے سامنے 22 مارچ کو مظاہرے کی قیادت کریں گے اور وہاں پر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کرکے انہیں کشمیر کی سنگین صورتحال سے متعلق آگاہی دیں گے۔
تازہ ترین