• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرپورخاص،پابندی کے باوجود کھلونا اسلحہ کاکاروبار کھلے عام جاری

میرپورخاص(نامہ نگار)محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے پابندی کے باوجودمیرپورخاص سمیت اندرون سندھ بڑے پیمانے پر اسلحہ نماکھلونوں کی کھلے عام خرید و فروخت جاری ہے۔ماہرین کے مطابق کھلونا اسلحہ کے استعمال سے بچوں میں پرتشددمنفی رحجان پیدا ہوتے ہیں۔اطلاعات کے مطابق سندھ کے منتخب نمائندوں اور عوامی حلقوں کے شدید تحفظات کے باوجود میرپورخاص ضلع کے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبات میں کھلونا پستول اور دیگر پلاسٹک ہتھیاروں کا بڑے پیمانے پر کھلے عام کاروبار جاری ہے اور بچوں میں اس کی خریداری کارحجان شدت سےبڑھ رہا ہے،کم عمرمعصوم بچے گھروں اورگلی محلوں میں مختلف نوعیت کے کھلونا اسلحہ اٹھائے انفرادی اور گینگ وار گروپ کی شکل میںکھیلتے نظر آئے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ کھلونا پستول اور دیگر کھلونا اسلحہ کے استعمال سے بچوں میں شدت سے پرتشددمنفی رحجان پر وان چڑھتے ہیں،جبکہ لیزر گن کی شعاؤں سے آنکھیں متاثر ہوتی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے کھلونا اسلحہ سے بچوں کے ذہنوں پر منفی اثرات کی روک تھام کرنےکے لئے فروری 2018میں کھلونا پستول کی تیاری،درآمد اور فروخت پر دوماہ کے لئے پابندی عائد کرچکاہے بتایا جاتا ہے کہ کھلونا اسلحہ پرپابندی کے حوالہ سےاس سےقبل جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کی مدت ختم ہونے کی رینجرز کی جانب سےنشاندہی کے بعد نیا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا،واضح رہے کہ سندھ کے منتخب نمائندے بھی اس کاروبار کی مخالفت کرچکے ہیں اور اگست 2015 میں سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پیش کی گئی قرار داد جس میں کھلونا پستول اور دیگر پلاسٹک ہتھیاروں کی تیاری ،درآمد اور فروخت پر مکمل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا،متفقہ طور پر منظور ہوچکی ہے۔قرار داد میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ دنیا کہ مختلف ممالک میں کھلونا پستولوں اور گنوں پر پابندی عائد ہوچکی ہے۔
تازہ ترین