دبئی (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ پلے آف کے لئے غیر ملکی کرکٹرز پیر کو لاہور پہنچا شروع ہوجائیں گے۔ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی شارجہ میں آخری میچ کھیلنے کے بعد اپنے ملک سینٹ لوشیا چلے گئے تھے۔ وہ منگل کی صبح لاہور پہنچیں گے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ شین واٹسن اور کیون پیٹرسن کے انکار کے بعد جنوبی افریقا کے رائیلی روسو نے پاکستان جانے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔ کوئٹہ ٹیم کی انتظامیہ کے مطابق رائیلی روسو، تھشارا پریرا، محمو د اللہ ریاض، کرس گرین، جانسن چارلس ، ٹام کوہلر، کیڈ مور پلے آف کے لئے لاہور آئیں گے۔ اسلام آباد ٹیم ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلش فاسٹ بولر اسٹیو فن پاکستان آنے پر آمادہ ہیں۔ ایک اور انگلش کرکٹر سیم بلنگز نے اپنی کائونٹی سے این او سی مانگی ہے۔ ویسٹ انڈین آندرے فلیچر کا کہنا تھا کہ پاکستان جانے سے متعلق فیصلے سے گھر والے تھوڑا پریشان تھے لیکن ڈیرن سیمی نے پاکستان کے حالات کی بہت تعریف کی اور ان کی بات پر بھروسہ کر کے پاکستان جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کوئٹہ کے مالک ندیم عمر نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کے حوالے سے پی سی بی کوئی حل ڈھونڈے نہیں تو فرنچائز دل چھوڑ دیں گی ۔ لاہور میں رواں ہفتے ہونے والے دھماکے کو اہم وجہ قرار دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ رائیونڈ دھماکے سے بہت سے غیر ملکی کھلاڑی پریشان ہوئے تھے۔