• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
اب آپ ’ہچکی‘ کیلئے تیار ہوجایئے !

رپورٹ : محمد ناصر.... بالی ووڈ کی سپر اسٹار اداکارہ رانی مکھرجی کی نئی فلم ’ہچکی‘ دو روز بعد ملک بھر کے سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ سنسر بورڈ نے فلم کیلئے سرٹیفکیٹ جاری کردیا ہے۔

فلم کی کہانی دِماغی عارضے ’ٹیوریٹ سنڈروم‘ میں مبتلا اسکول ٹیچر کے گرد گھومتی ہے جسے گفتگو کے دوران اچانک ہچکیاں آنا شروع ہوجاتی ہیں۔

پڑھانے کاجذبہ اور جنون رکھنے والی خاتون کو پہلے تو بمشکل ایک اسکول میں ٹیچنگ کی ملازمت ملتی ہے جس کے بعد اپنے دِماغی عارضے کے سبب یہ پورے اسکول میں مذاق بن کر رہ جاتی ہے ۔

ایک وقت ایسا بھی آتا ہے جب اسکول انتظامیہ اِسے ملازمت سے برخاست کرنے کا فیصلہ کرلیتی ہے لیکن اس کا بچوں کو تعلیم دینے کا جذبہ کم نہیں ہوتا ۔یہ اپنی بیماری کی کمزوری کو طاقت بنا لیتی ہے اور اُن بچوں کو تعلیم دیتی ہے جنہیں بڑے اسکول میں نظر انداز کیا جارہا تھا۔

خوب محنت اورانتھک جدوجہد کے بعد ٹیچر بچوں کو تعلیم کے میدان میں اُس سطح پر لے آتی ہے جہاں وہ بچے اسکول کیلئے نیک نامی کا باعث بنتے ہیں۔

رانی مکھرجی نے فلم میں لازوال اداکاری کی ہے۔ بچوں کی تعلیم کے حوالے سے ماضی کی بلاک بسٹر فلم ’’تارے زمین پر‘‘ کے بعد یہ فلم تہلکہ مچانے آرہی ہے۔

اس فلم کے ذریعے یہ پیغام بھی دیا گیا ہے کہ زندگی کی حقیقتوں سے مایوس نہیں ہونا چاہئے چاہے وہ کتنی ہی تلخ کیوں نہ ہوں۔

یاد رہے رانی مکھرجی تقریباً چار برس بعد اس فلم کے ذریعے ایک بار پھر فلم انڈسٹری میں واپس آرہی ہیں۔ کافی عرصے سے رانی مکھرجی کے پرستار اُن کی نئی آنے والی فلم کا شدت سے انتظار کررہے تھے۔

سوشل میڈیا پر ریلیز ہونے والے فلم کے ٹریلرز کو دیکھ کر رانی کے کروڑوں مداحوں نے اُن کی منفرد اداکاری اور فلمی دُنیا میں بہترین فلم کے ذریعے واپسی پر نیک تمناؤں کا اظہار کرنے کے ساتھ یہ اُمید ظاہر کی ہے کہ فلم شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔

یش راج فلمز کے بینر تلے تخلیق کی گئی بالی ووڈ فلم ’ہچکی‘ 23 مارچ کو دُنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی جبکہ پاکستان بھر میں یہ فلم ’جیو فلمز‘کے تعاون سے ریلیز کی جارہی ہے۔

تازہ ترین