• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ: کامران اور بابر کے سوا تمام پاکستانی بیٹسمین ناکام

سپر لیگ: کامران اور بابر کے سوا تمام پاکستانی بیٹسمین ناکام

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ تھری میں کامران اکمل اور بابر اعظم سے کامیاب بیٹسمین ہیں۔ پاکستان ٹیم کے کئی بڑے نام ٹورنامنٹ میں بری طرح ناکام رہے۔ کامران اور بابر فرسٹ کزن ہیں۔ ان کی ٹیمیں پشاور زلمی اور کراچی کنگز اس وقت پلے آف میں ہیں۔ تاہم پاکستان ٹیم کے بیٹسمینوں احمد شہزاد اور عمر اکمل اور صہیب مقصود کی کارکردگی ٹورنامنٹ میں سوالیہ نشان بنی رہی۔ کامران نے اب تک 10میچوں میں 43سے زیادہ کی اوسط اور 146 کے اسٹرائیک ریٹ سے 347رنز بنائے ہیں۔ کراچی کنگز کے بابر اعظم اب تک 339رنز بنا چکے ہیں۔ انہوں نے رواں سیزن میں 4نصف سنچریاں بنائی ہیں۔ ان کے رنز بنانے کا اوسط 37 سے زیادہ ہے اور اسٹرائیک ریٹ بھی 119ہے۔ عمر اکمل کے لئے ٹورنامنٹ مایوسیاں لایا۔ عمر اکمل نے چھ اننگز میں صرف 64 رنز بنائے جس کی وجہ سے انھیں بقیہ میچوں میں ڈراپ کردیا گیا۔ لاہور قلندرز کے کپتان میک کولم نے انہیں پیچیدہ کرکٹر قرار دیا تھا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ایک اور اہم کھلاڑی احمد شہزاد کی شخصیت بھی متنازع رہی ہے۔ اس بار ان کی کارکردگی خراب رہی۔ نئی ٹیم ملتان سلطانز کیلئے احمد نو میچوں میں 19.22 کی اوسط سے صرف 173 رنز بنا سکے۔ ان کا سب سے بڑا انفرادی اسکور38 رہا۔ پہلے پی ایس ایل کے فاتح کپتان مصباح الحق کا کیریئر ختم ہور ہا ہے۔ مصباح ہیمسٹرنگ کی تکلیف کے سبب پہلے دو میچ نہیں کھیل سکے تھے، اگلے چار میچوں میں وہ صرف 57 رنز بنا پائے۔ ان کا سب سے بڑا انفرادی اسکور 22 رہا۔ کراچی کے خلاف میچ میں گیند لگنے سے ان کا پی ایس ایل کیریئر ختم ہوچکا ہے۔ صہیب مقصود پشاور زلمی سے ملتان سلطانز میں آئے لیکن سوائے 85 رنز کی شاندار اننگز کے جو انھوں نے پشاور زلمی کے خلاف کھیلی تھی، پورے ٹورنامنٹ میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکے۔ ایونٹ کا اختتام 25.5 کی اوسط سے 204 رنز پر کیا۔ پاکستانی ٹیم کے مستقل رکن عمر امین پاکستان سپر لیگ تھری میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کر رہے ہیں لیکن سات لیگ میچوں میں وہ مجموعی طور پر97 رنز بناسکے۔ ان کا سب سے زیادہ انفرادی اسکور 31 رہا۔

تازہ ترین