• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام میچز ناک آئوٹ،امید ہے فائنل کھیلیں گے،ڈیرن سیمی

تمام میچز ناک آئوٹ،امید ہے فائنل کھیلیں گے،ڈیرن سیمی

لاہور (نمائندہ خصوصی) پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا ہے کہ انہیں پاکستان سے کوئی اجنبیت نہیں، کئی مرتبہ پاکستان جاچکے ہیں۔ پاکستانی شائقین سے محبت ہے۔ زلمی ایک خاندان کانام ہے۔ پیر کو لاہور روانگی سے قبل ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ ایک مرتبہ پھر لاہور میں قذافی اسٹیڈیم میں میچ کھیلیں گے۔ گزشتہ سال بھی زلمی کے کئی کھلاڑی پاکستان گئے تھے، اس مرتبہ بھی جارہے ہیں۔ ٹیم کے لیے اب تمام میچز ناک آؤٹ کی حیثیت رکھتے ہیں، امید ہے اس مرتبہ بھی فائنل کھیلیں گے۔ شائقین کرکٹ سے اپیل ہے کہ گراؤنڈ پر آکر کرکٹ کو سپورٹ کریں۔ پشاور زلمی کے سینئر کھلاڑی محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ تسلسل سے کارکردگی دیتے آرہے ہیں جیت کا تسلسل برقرار رکھ کر ٹورنامنٹ جیتنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے خلاف میچ میں کامران اکمل نے دبائو میں سنچری بنائی تھی۔ وہ ان فٹ تھا اسے اپنی فٹنس کی پریشانی لاحق تھی۔ میں نے اسے چوکوں چھکوں کا مشورہ دیا جس سے ٹیم کو فائدہ ہوا۔ اب کامران اکمل کی انجری میں بہتری آئی ہے۔ حفیظ نے کہا کہ بولنگ ٹیسٹ کے لئے تیار ہوں ٹورنامنٹ میں بولنگ نہ کرانے کا فیصلہ بورڈ کی مرضی سے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں ڈی آر ایس نہ ہونے کا علم نہیں ، امپائر بھی انسان ہیں۔ غلطی کسی سے بھی ہوسکتی ہے۔ ڈیرن سیمی بھی پلے آف کے لئے مکمل فٹ نہیں ہے لیکن وہ کھیلے گا۔ حفیظ نے امید ظاہر کی پاکستان میں کرکٹ کی رونقیں جلد بحال ہوں گی اور پورا پی ایس ایل پاکستانی میدانوں میں ہوگا۔

تازہ ترین