• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسٹمز انٹیلی جنس کی ملک گیر کارروائیاں‘ 32کروڑ کی اسمگل شدہ اشیاء ضبط

اسلام آباد (حنیف خالد) کسٹمز انٹیلی جنس حکام نے ڈائریکٹر جنرل شوکت علی کی قیادت میں ملک گیر کارروائیاں کرتے ہوئے 32کروڑ سے زائد کی اسمگل شدہ اشیاء ضبط کر لیں۔ رواں ماہ کے گزشتہ ہفتے میں کی جانے والی کارروائی میں کسٹمز انٹیلی جنس کے ذیلی دفتر لاہور نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک گودام پر چھاپہ مار کر بڑی مقدار میں غیرملکی اسمگل شدہ پردے اور صوفے کا کپڑا برآمد کر لیا جس کی مقدار 12ہزار ایک سو چار کلوگرام اور مالیت 21ملین روپے ہے۔ گودام کے مالک کپڑے کی قانونی درآمد کا کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکے۔ اسی طرح کسٹمز انٹیلی جنس پشاور نے ناکہ بندی کر کے کوہاٹ کی طرف سے آتے ہوئے تین ہینو ٹرک روک لئے اور اُن میں لدے ہوئے غیرملکی خشک میوہ جات برآمد کر لئے جن کی مقدار 61ہزار 39کلوگرام اور ٹرکوں سمیت مالیت 51ملین سے زائد ہے۔ ان خشک میوہ جات کو کرم ایجنسی سے براستہ پشاور ملک کے دوسرے حصوں میں اسمگل کیا جانا تھا۔ ایک اور بڑی کارروائی میں کسٹمز انٹیلی جنس کراچی نے میسرز اے ایم کے اسٹیل پرائیویٹ لمیٹڈ لاہور کے درآمد کردہ 6کنٹینرز جو کہ گرین چینل کے ذریعے پورٹ محمد بن قاسم کراچی سے کلیئر کئے گئے تھے کی کھیپ بلاک کر دی۔ سامان میں آئرن اور اسٹیل کا دوبارہ پگھل جانے والا خام مال تھا جس کا وزن ایک لاکھ 56ہزار 790کلوگرام تھا۔
تازہ ترین