• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ انسداد تجاوزات کی کارروائی، درجنوں کیبن اور پتھارے تحویل میں لے لئے

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) سندھ ہائی کورٹ کے احکامات پر میونسپل کارپوریشن اینٹی انکروچمنٹ سیل نے مارکیٹ ٹاور پر انسداد تجاوزات آپریشن کرتے ہوئے مرکزی اور اطراف کے بازاروں میں لگے ہوئے ٹھیلے، ٹھیئے، دکان نما آہنی کیبن ہٹا دئیے جبکہ درجنوں تجاوزات کو تحویل میں لے لیا تاہم تلک چاڑی پر اب بھی تجاوزات قائم ہیں، قابضین کی جانب سے مزاحمت اور سڑک بند کرکے دھرنے اور احتجاج کرنےکی کوشش پولیس کی بھاری نفری نے ناکام بنادی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں اینٹی انکروچمنٹ سیل میونسپل کارپوریشن کے عملے نے مارکیٹ ٹاور کے مرکزی اورمتصل بازاروں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے بازاروں کے درمیان اور سڑکوں کے اطراف قائم ٹھیوں، ٹھیلوں، پتھاروں اور دکانوں کو ہٹا دیا جبکہ درجنوں تجاوزات کوتحویل میں لے لیا، اینٹی انکروچمنٹ عملے کی کارروائی کے دوران قابضین نے مزاحمت کی اور عملے کو کارروائی سے روکنےاور مارکیٹ ٹاور روڈ پر دھرنا دے کر بند کرنے کی کوشش کی جسے موقع پر موجود پولیس کی بھاری نفری نے ناکام بنادیا، مارکیٹ ٹاور تلک چاڑی اوراطراف کے علاقوں سمیت حیدرآباد کے تمام بازاراوراہم شاہراہیں تجاوزات کا جنگل بنی ہوئی ہیں اور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے مگر اینٹی انکروچمنٹ عملے کے پاس مشینری نہ ہونے کے باعث انسدادتجاوزات آپریشن نہیں کیا جارہا ۔
تازہ ترین