• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیاری اسپتال میں ایڈز کے 700 مریض رجسٹرڈ ،علاج کیلئے قائم مرکز غیر فعال

لیاری اسپتال میں ایڈز کے 700 مریض رجسٹرڈ ،علاج کیلئے قائم مرکز غیر فعال

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ گورنمنٹ لیاری جنرل اسپتال کی انتظامیہ کی غفلت کے باعث لیاری میں ایڈز کےسینکڑوں مریضوں کا علاج ممکن نہیں ہوپارہا۔اسپتال میں قائم ایچ آئی وی ایڈز کنٹرول اینڈ ٹریٹمنٹ سینٹر کو انتظامیہ فعال کرنے میں سنجیدہ دکھائی نہیں دے رہی جس سے لیاری میں ایڈز سے متاثرہ 700مریض سول اسپتال کراچی سے علاج کرانے پر مجبور ہیں ۔ ذرائع کے مطابق حکومت سندھ نے رواں بجٹ2017-18میں ایڈز سے بچاؤ کےلئے 7مراکز قائم کرنے کی اسکیم رکھی تھی۔ جس کے تحت سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام نے2ماہ قبل لیاری جنرل اسپتال میں سات چیمبرز پر مشتمل سینٹر قائم کیا ۔ سینٹر میں اسکریننگ کےلئے سی ٹی فار مشین، 6ماہ کی ادویات،انٹری کے لئے کمپیوٹراور فرنیچر سمیت دیگر تمام اشیاء فراہم کی تھیں ۔ پروگرام نے ایک مرد اور ایک خاتون ڈاکٹر کو ایڈز سے متاثرہ مریضوں کے علاج کی تربیت بھی دی تھی جبکہ اسپتال انتظامیہ سے ایک نرس ،لیب ٹیکنیشن اور نائب قاصدعارضی طورپر مانگا تھا تاکہ مریضوں کا علاج ممکن ہوسکے لیکن اسپتال انتظامیہ نے عملہ فراہم نہیں کیا اور خاتون ڈاکٹر کو سرجری کے شعبے میں تعینات کر دیا جس سے ٹریٹمنٹ سینٹر فعال نہیں ہوسکا ۔واضح رہے کہ سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کے اعدادوشمار کے مطابق لیاری میں ایچ آئی وی ایڈز کے 700 مریض رجسٹرڈ ہیں جن کے علاج کے لئے لیاری میں ہی مرکز قائم کیاگیا لیکن لیاری اسپتال کی انتظامیہ اسے فعال کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ۔ اس سلسلے میں ایڈز کنٹرول پروگرام سندھ کے مینیجر ڈاکٹر یونس چاچڑ کا کہنا تھا کہ ہمارا کام سینٹر کا قیام ، عملے کی تربیت ، مشینری اور ادویات کی فراہمی تھاجو ہم نے 2ماہ قبل ہی مکمل کر لیاتھا سینٹر کو فعال کرنا اور ڈاکٹروں کو تعینات کرنا لیاری اسپتال کی انتظامیہ کا کام ہے جس کے لئے انہیں متعددبار درخواست کرچکے ہیں ۔ لیاری جنرل اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر اسلم پیچوہو سے جب اس سلسلے میں استفسار کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ایڈز کنٹرول سینٹر کے ساتھ ہیپاٹائٹس کلینک بن رہی ہے جس کی تکمیل کے بعد دونوں کو اکھٹے فعال کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں جب ان سے مذید بات کرنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے بات کرنے سے انکار کر دیا ۔

تازہ ترین