• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے جامع طریقہ کار وضع کیا جائے،اساتذہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی اردو یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ اور اکیڈمک کونسل میں عبدالحق کیمپس سے منتخب ہونے والے اساتذہ ڈاکٹر ممنون احمدخان (شعبہ بین الاقوامی تعلقات)، ڈاکٹر سیدہ تسنیم فاطمہ نقوی ( شعبہ تعلیم اساتذہ ) اور ڈاکٹر آزادی فتح محمد برفت ( شعبہ ابلاغ عامہ ) کے اعزاز میں منعقد کی جانے والی نشست میں شریک اساتذہ نے یونیورسٹی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اساتذہ کی کارکردگی اور اوقات کار کا جائزہ لینے کے لیے ملک کی معروف یونیورسٹیوں کی طرز پر جامع طریقہ کار وضع کرے۔ اس سلسلے میں ہونے والی پیش رفت کو یونیورسٹی کے آئینی اداروں کے سامنے پیش کرکے ان کی منظوری لی جائے ۔اس طرح مرتب کیے گئے طریقہ کار پر مکمل طرح سے عمل درآمد کرکے مستقل اور دیر پا تبدیلیاں لائی جا سکتی ہیں۔ یونیورسٹی کے آئینی اداروں سے منظوری لئے بغیر کئے گئے اقدامات سے دیرپا مثبت تبدیلی حاصل نہیں ہوگی۔ اس موقع پر اساتذہ نے موجودہ انتظامیہ کی جانب سے یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ اور اکیڈمک کونسل کو فعال کرنے اور ان میںاساتذہ کے انتخاب کو خوش آئیند قرار دیا۔اس موقع پر جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ انتظامیہ کی عملی کوششوں کے نتیجے میں یونیورسٹی میں آئینی اداروںکی بحالی کا آغاز ہوا ہے ۔ اساتذہ کے اجلاس میں رئیس کلیہ فنون عبدالحق کیمپس ،ڈاکٹر ضیاء الدین ،رکن نامزدکنندہ کمیٹی ڈاکٹر عرفان عزیز ، ڈاکٹر کمال جامڑو، ڈاکٹر ا صغر دشتی ، ڈاکٹر فیصل جاوید، ڈاکٹر مسرور خانم،ڈاکٹر اوج کمال، ڈاکٹر ماجد، ڈاکٹر یاسمین سلطانہ،ڈاکٹراسماء مسعود، تنویر عادل،ڈاکٹر سمیرہ بشیر، ہما نثار، سید اقبال نقوی،پروفیسر حنیف کاندھڑو، زرین اختر، فاروق کھتری، رضوانہ جبین اور دیگر نے شرکت کی۔

تازہ ترین