لاہور(نمائندہ گان جنگ؍نیوز ایجنسیز)متحدہ عرب امارات میں پاکستان سپر لیگ کے میچز کے پہلے مرحلے مکمل ہونے کے بعد پاکستان سپر لیگ لاہور آگئی ، شہر سجادیا گیا اور غیرملکی کھلاڑی بھی پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ یو اے ای میں پی ایس ایل میچز کا پہلا مرحلہ مکمل کرنے کے بعدپاکستان سپر لیگ تھری لاہور آگئی۔شہر سج گیا،غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد شروع ،سکیورٹی کے سخت انتظامات،قذافی سٹیڈیم کے اندر رینجرز کو الرٹ کردیا، شہریوں میں جوش و خروش، اطراف میں تمام ریسٹورنٹس بند رہیں گے جبکہ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں عارضی اسپتال قائم کردیا گیا ہے۔پاکستان سپر لیگ تھری کا دوسرا پلے آف میچ بارش سے متاثر ہو سکتا ہے۔ پاکستان میں ہونے والے دو پلے آف اور ایک فائنل میچ کے انعقاد کا مرحلہ آج سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین شام 7 بجے کھیلے جانے والے میچ سے ہوگا جبکہ دوسرا پلے آف میچ کل 21مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا اور 25مارچ کو فائنل میچ کراچی میں ہوگا ۔ لاہور میں آج پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین کھیلے جانے والے پہلے پلے آف کی جیتنے والی ٹیم کل21مارچ کو لاہور میں کراچی کنگز کے ساتھ مقابلہ کرے گی اور اس میں فاتح ہونے والی ٹیم کراچی میں 25مارچ کو ہونے والے فائنل کے لئے کوالیفائی کر جائے گی جس کا فائنل میں مقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ ہوگا ۔ لاہور میں آج پلے آف میچ کھیلنے والے پشاو زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے کھلاڑی اپنی اپنی ٹیم کی جیت کے لئے پرعزم دکھائی دے رہے ہیں جبکہ وہ میچ کے لئے بھرپور ٹریننگ میں بھی حصہ لے رہے ہیں۔ دریں اثنا پاکستان سپر لیگ تھری کے لئے غیر ملکی کھلاڑی اور کمنٹیٹرز آج صبح لاہور پہنچ رہے ہیں۔کراچی کے اوئن مورگن بھی ذاتی مصروفیات کا بہانہ بناکر لاہور نہیں آرہے۔