• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خادم رضوی کے وارنٹ سے فیض آبادمعاہدہ سبوتاژہوگا،تحریک لبیک پاکستان

خادم رضوی کے وارنٹ سے فیض آبادمعاہدہ سبوتاژہوگا،تحریک لبیک پاکستان

راولپنڈی،کراچی(راحت منیر/نمائندہ جنگ) تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ وحید نورنے کہا ہے کہ علامہ خادم حسین رضوی کے وارنٹ سے فیض آباد معاہدہ سبوتاژ ہوگا۔گارنٹی دینے والوں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔خادم حسین رضوی کے وارنٹ کے حوالے سے رابطہ کرنے پر وحید نور نے کہا کہ ہمیں حکومت پر پہلے بھی اعتماد نہیں تھا اب بھی نہیں ہے۔ حکومت ایک منصوبہ بندی کے تحت حالات خراب کررہی ہے۔فیض آباد دھرنے کو ختم کرانے کیلئے افواج پاکستان نے بطور ثالث کردار کیا تھا۔اور معاہدے میں یہ موجود تھا کہ کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔فیض آباد دھرنے کو ختم کرانے کیلئے ہونے والے معاہدے کو ساری دنیا نے دیکھا تھا۔اس کے تحت تمام کیسز واپس ہونے تھے۔ہم صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس پر احتجاج کریں گے۔جبکہ تحریک لبیک پاکستان راولپنڈی ڈویژن کے سیکرٹری اطلاعات علامہ لطیف قادری نے کہا کہ مرکز کی طرف سے جو بھی ہدایت ملے اس پر من و عن عملدرآمد کریں گے۔احتجاج کا فیصلہ ہوا تو پھر احتجاج ہوگا۔نہ پہلے پیچھے ہٹے تھے نہ اب ہٹیں گے۔ادھرتحریک لبیک یارسول اللہ پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے چیف جسٹس ثاقب نثار کو پیشکش کی ہے کہ ان کی جماعت سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کے سامنے رضاکارانہ طور پر پیش ہو کر اپنے مالی حسابات دینے کے لئے تیار ہے تاکہ قوم کو پتہ چل سکے کہ کون کون سی جماعتیں ملک دشمن عناصر کے خفیہ فنڈز سے چل رہی ہیں لیکن پھر ملک کی حکومتی اور دیگر سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو بھی جوڈیشل کمیشن کے سامنے یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ بھی پاکستان سے محبت کرنے والوں کے رضاکارانہ فنڈز سے چلتی ہیں یا غیر قانونی سرکاری کاموں سے حاصل ہونے والی رشوت، بھٹوں اور ملک دشمن قوتوں کے فنڈز سے چلتی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ہمیں تحریک کے سربراہ امیر المجاہدین علامہ خادم حسین رضوی کی حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ کسی سے لینے کی ضرورت نہیں ۔ وہ کروڑوں غیور غلامان رسول اور محبان پاکستان کے دلوں کی دھڑکن اور قادیانیوں کی بین الاقوامی تنظیم کے اہداف اور مقاصد کی راہ میں سب سے بڑے کانٹا ہیں۔ یہ کام ان لوگوں کو اچھا نہیں لگ رہا جو پاکستان کے پاکیزہ ماحول کو ننگ دھڑنگ مادر پدر آزادی کے سپرد کرکے پاکستان کے نظریے اور جغرافیے دونوں کو مٹانا چاہتے ہیں۔

تازہ ترین