• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خادم رضوی پیش نہ ہوئے تو حکومت انہیں گرفتارکریگی،جاوید عباسی

خادم رضوی پیش نہ ہوئے تو حکومت انہیں گرفتارکریگی،جاوید عباسی

کراچی(ٹی وی رپورٹ)اسلام آباد دھرنے سے متعلق آئی ایس آئی کی رپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے رہنماء مسلم لیگ ن مرتضی جاویدعباسی نے کہا ہے کہ اگر خادم رضوی عدالت میں پیش نہیں ہوتے تو حکومت ان کو عدالتی حکم کے مطابق لازماً گرفتار کرے گی۔ اس حوالے سے رہنماء پیپلزپارٹی قمر زمان کائرہ نے کہا ہمارے ہاں حکومتیں کمزور ہوتی ہیں،حکومت ڈری ہوتی ہے کہ اپوزیشن کیا کہے گی،میڈیا کیا دکھائے گا، ملک انتشار کا شکار ہوگا لیکن ریاست کے پاس سوائے فورس کے اور کوئی چارہ نہی ہوتا کیوں کہ لوگ مشتعل ہوئے ہوتے ہیں۔ ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے حکومت کے بہت سے مسائل ہوتے ہیں۔حکومت کے پاس قانونی اختیار ہوتا ہے لیکن وہ اس کو استعمال کرتے ہوئے ڈرتی ہے۔ سینئر تجزیہ کار مظہر عباس نے فیض آباد دھرنے کے حوالے سے کہا ہماری حکومتیں فیصلے کرنے میں خوف محسوس کرتے ہیں۔حکومت یا تو بہت زیادہ انتہائی ا قدام کرتی ہے یابالکل ہی ہتھیار ڈال دیتی ہے یا مفاہمت کاراستہ اختیارکرتی ہے جیسا کہ2014کے دھرنے میں ہوا۔اب تحریک لبیک پاکستان رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے،وہ انتخابات میں حصہ لینے جارہی ہے۔ اب ان کو روکنا اور مشکل ہوگیا ہے،ہو سکتا ہے خادم رضوی خود عدالت میں پیش ہوجائیں۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عمران خان،طاہر القادری،ایم کیو ایم کے رہنماؤں کے خلاف کیسز ہوئے،کوئی پیش نہ ہوا صرف یہ پیپلزپارٹی کے ساتھ ہوا کہ ان کے رہنماؤں کو پکڑ کر اندر ڈالا گیا۔رہنماء مسلم لیگ ن جاوید عباسی نے کہا حکومت ہجوم کے خلاف طاقت کااستعمال آخر حد تک کرنے سے گریز کرتی ہے۔مخلتف عوام کو مد نظر رکھنا ہوتا ہے۔ ہمیں اشتعال انگیز صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے اپنی فورسز کو مکمل اختیار دینا ہوگا،حکومت فورس کا استعمال زمینی حقائق دیکھ کرکرتی ہے ۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہمیں قانون کو مصلحت کے تحت استعمال نہیں کرنا چاہیے۔قانون کے اندر مفاہمت نہیں کرنی چاہیے۔بہت سارے میڈیا کے لوگ ان کے ساتھ تھے ان کے موقف کو بڑھا چڑھا کر پیش کررہے تھے۔توہین رسالت کے قانون کو مذہبی اور سیاسی جماعتوں نے غلط استعمال کیا اور آج تک کررہی ہیں۔مظہر عباس نے کہا فیض آباد دھرنے کو حکومت نے بہت بری طرح سے ہینڈل کیا جوحکومتی ناکامی کا ثبوت ہے۔ 2014میں عمران خان کے دھرنے میں بھی حکومت کی کارکردگی مایوس کن رہی،حکومت کی ہینڈلنگ کمزور تھی۔کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کی انتخابی مہم پر گفتگو کرتے ہوئے رہنماءا کیو ایم علی رضا عابدی نے کہا کہ پی ٹی آئی کو مبارک ہو، عامر لیاقت حسین وہاں چلے گئے اب ہمیں یقین ہوگیا ہے کہ کراچی میں ایم کیو ایم ہی جیتے گی کیوں کہ عامرلیاقت نے جو کچھ تحریک انصاف کے بارے میں کہا ہے وہ لوگوں کو یاد ہے۔رہنماء پیپلزپارٹی شرمیلا فاروقی کا کہنا تھا کہ عمران خان سال میں ایک آدھ دفعہ کراچی کا رخ کرتے ہیں اور لوگوں سے ملتے ہیں لیکن ابھی تک انھوں نے اپنا کوئی ایجنڈا نہیں دیا۔ عامر لیاقت کو پی ٹی آئی مبارک ہو۔پاکستان پیپلزپارٹی نے کراچی میں عوام کی بہتری کے لیے بہت محنت کی ہے ۔ کراچی بھر میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔

تازہ ترین