• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواجہ غریب نوازؒعرس،پاکستان کا زائرین کو بھارتی ویزے نہ ملنے پر اظہار افسوس

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) پاکستان نے بھارت کی جانب سے اجمیرشریف میں حضرت خواجہ معین الدین چشتی کے عرس میں شرکت کے لئے پانچ سو تین پاکستانی زائرین کو ویزہ جاری نہ کرنے پر گہرے افسوس کا اظہار کیاہے ۔یہ عرس آج سے 29 مارچ تک جاری رہے گا۔ دفتر خارجہ کےترجمان محمد فیصل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ، ایسے اقدامات سے تعلقات معمول پر لانے کی کوششوں کو نقصان پہنچے گا، زائرین کی عرس میں شرکت پاکستان اور بھارت کے درمیان مذہبی مقامات کی زیارات سے متعلق 1974 کے پاکستان بھارت معاہدے کے تحت ہونا تھی اور زائرین کا یہ سالانہ دورہ اور معمول کے مطابق تھا۔انہوں نے کہاکہ بھارت کی جانب سے ویزا جاری نہ کئے جانے پر 192 پاکستان زائرین کو رواں سال جنوری میں نئی دہلی میں حضرت خواجہ ناظم الدین اولیا کے عرس میں شرکت نہیں کرسکے۔ ترجمان نے کہاکہ گزشتہ سال پاکستان کی جانب سے خصوصی ٹرین بھیجنے کی پیشکش کے باوجود بھارت کی جانب سے ویزا اجرا میں تاخیر کے باعث بھارتی سکھ یاتری گرو ارجن دیو کی شہادت کی برسی اور مہا راجہ رنجت سنگھ کی برسی میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔
تازہ ترین