• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پوٹن کی جیت پرچین،وینزویلا و دیگر ممالک کی مبارکباد،مغربی رہنمائوں کو سانپ سونگھ گیا

کراچی(نیوزڈیسک)روس کے صدر ولادیمیئر پوٹن نے صدارتی انتخاب میں کامیابی حاصل کر لی ہے جس پرچین ، وینزویلا سمیت دیگرعالمی ممالک کی جانب سے انہیں مبارک باد کے پیغامات بھیجے جا رہے ہیں تاہم مغربی ممالک تاحال خاموش ہیں، ادھر جرمن چانسلر انجیلا مرکل کے ترجمان کا کہناہےکہ پوٹن کو ایک مرتبہ پھر روسی صدر بننے پر جلد ہی مبارکباد دی جائیگی۔ غیرملکی میڈیا کےمطابق اس فتح کے بعد پوٹن مزید 6سال تک روس کے صدر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔روس کے سینٹرل الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صدارتی انتخاب میں ڈالے جانے والے ووٹوں کی زیادہ تر گنتی مکمل ہونے کے بعد پوٹن نے 76 فیصد ووٹ حاصل کیے۔ادھر روسی صدر کو کامیابی پر عالمی رہنماؤں کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات بھیجے جا رہے ہیں،اس موقع پر چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ ’ماضی میں ان کے ملک کی روس کے ساتھ شراکت داری اعلیٰ درجے پر رہی ہے۔دوسری جانب قزاکستان، بیلاروس، وینزویلا، بولیویا اور کیوبا وہ دیگر ممالک ہیں جنہوں نےپوٹن کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا تاہم مغربی مغربی ممالک کو چپ کا سانپ سونگھ گیا ہے۔ادھر میرکل کے ترجمان اسٹیفن زائبرٹ کے مطابق چانسلر روسی صدر کو مبارکباد دینگی، وہ اس تہنیتی پیغام کے متن کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے تاہم انہیں یقین ہے کہ اس میں جرمنی اور روس کے باہمی روابط میں مشکلات کا تذکرہ ضرور شامل ہو گا۔
تازہ ترین