• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں امن عامہ کی صورتحال بہتر ہونے سے دو طرفہ سرمایہ کاری بڑھے گی، آسٹریلوی ہائی کمشنر

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان میں تعینات آسٹریلیا کی ہائی کمشنر مارگر یٹ ایڈمسن کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا آزادی کے بعد پاکستان کو تسلیم کرنے والے پہلے ممالک میں شامل ہے، سال 1948ء میں آسٹریلیا نے پہلا ہائی کمیشن کراچی میں قائم کیا۔ رواں سال دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعلقات کی 70ویں سالگر ہ منائی جارہی ہے، اس سلسلے میں پاکستان میں قائم سفارت خانے میں تصویر ی نمائش کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ ہائی کمیشن میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ تصویری نمائش دونوں ملکوں کے درمیان ترقیاتی تعاون، انسانی حقوق، دفاع، تعلیم، کھیل، تجارت، ثقافتی تعلقات اور عوامی سطح پر رابطے کی ترجمانی کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا، پاکستانی طالب علموں کیلئے مقبول تعلیمی منزل ہے، اس وقت 12؍ ہزار پاکستانی طلباء آسٹریلیا میں زیرتعلیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا،کھیلوں سے محبت کرنے والی قوموں کی حیثیت سے آسٹریلیا اور پاکستان کے عوام دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والے مقابلوں سے لطف اندوز ہونگے۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ تقریب کے دوران معروف پاکستانی اداکاروں، میڈیا اور غیرسرکاری تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
تازہ ترین