• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ وشہری حکومت کراچی کے مسائل پر توجہ نہیں دے رہی،مصطفیٰ کمال

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاک سر زمین پارٹی کے چیئر مین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ سندھ اور شہری حکومت کراچی کے مسائل پر توجہ نہیں دے رہی ہے،نفرت کی نہیں محبت کی سیاست کرنا چاہتا ہوں،مقصد عوام کی بے لوث خدمت ہے،میں اپنے نظریات اوراصولوں کا سودا نہیں کر سکتا ہے کیونکہ ہمیں مجبوروں اور بے کسوں کا سہارا بننا ہے اور انسانیت کی بھلائی کے لئے کام کرنا ہے کیونکہ پاک سرزمین پارٹی کا منشور اور اس کی جاری جدوجہد ہی پاکستان اور اس کی عوام کے مسائل کا واحد حل ہے ہمارا مقصد عوام کی بے لوث خدمت کرنا ہے کیونکہ ملک کی ترقی اور آئندہ آنے والی نسلوں کی بقاء پاک سرزمین پارٹی کی کامیابی سے مشروط ہے ،میں تمام زبانیں بولنے والوں اور مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے محبت کر تا ہوں میں سب کو ساتھ لیکر چلنا چاہتا ہوں کیونکہ پاکستان کی ترقی کا واحد راستہ تمام قومیتوں کو ایک پرچم تلے جمع کرنے میں ہے،میں نفرت کی سیاست نہیں کرنا چاہتا بلکہ محبت کی سیاست کرنا چاہتاہوں جہاں تمام قومیتوں کے پھول ایک ساتھ ہو اور ایک گلدستہ کی شکل اختیار کرلیں جس کی خوشبو سے پورا پاکستان مہک جائے اور ہم اپنے سیاسی و لسانی مخالفین سے بھی دشمنی نہیں چاہتے‘ ہمارا نظریاتی اختلاف ضرور ہو گا لیکن ہم اپنی دعوت کا کام نہیں روکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیفنس کلفٹن ریزیڈنٹس سوسائٹی کی منعقدہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ اس مو قع پر پی ایس پی کے صدر انیس قائم خانی ،سیکریٹری جنرل رضاہارون، سینئر وائس چیئر مین ڈاکٹر صغیر احمد سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔مصطفٰی کمال نے کہاکہ کراچی پاکستان کامعاشی انجن ہے جس سے حاصل ہونے والا ریونیو پورے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتاہے لیکن کراچی ہی کو اس کے جائزحقوق نہیں دیئے جاتے جو کہ کراچی کے عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت اور شہری حکومت بھی کراچی کے مسائل پر توجہ نہیں دے رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی پاکستان کامعاشی حب جوپاکستان کو70 فیصد ریونیو دیتا ہے لیکن اس کے باوجود بھی کراچی کو اس کا جائزحصہ نہیں دیا جارہاہے اورپورے ملک کوچلانے والا یہ شہرآج اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہے انہوں نے کہاکہ جب کراچی کی عوام کو انکاجائز حق نہیں دیا جائے گا تواس کی وجہ سے کراچی کے عوام میں احساس محرومی جنم لے گا۔
تازہ ترین