• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی خرید و فروخت آسان بنانےکیلئے وزارت توانائی کا ریفرنس نیپرا کو ارسال

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ)پاور ڈویژن نے ملک میں بجلی کی خرید و فروخت کو آسان بنانے اور اس میں موجود رکاوٹوں کو ختم کرنے کیلئے نیپرا کو ریفرنس بھیج دیا ہے، جس میں وزارت نے نیپرا کو 2016 ویلنگ ریگولیشن میں تبدیلی لانے کی درخواست کی ہے تا کہ بجلی کے ترسیلی نظام کے اندر رہتے ہوئے ایک میگاواٹ یا اس سے زائد بجلی کو موجودہ سسٹم کے ذریعے خرید و فروخت کیا جاسکے گا، تقسیم کا ر کمپنیوں کو تمام فیڈرز پر پرائیویٹ پاور پروڈیوسرز کیلئے سہولیات و معلومات فراہمی کی ہدایت کی گئی ہے، پاور ڈویژن نے 16 مارچ کو لکھے گئے ریفرنس و اپنی سفارشات میں ان ریگولیشنز کو 132کے وی اور 11کے وی پر محدود کرنے کی سفارش کی ہے،نئی سفارشات کے مطابق بجلی بنانے اور خرید نے والی پارٹیوں کو اسی ایک بجلی تقسیم کار کمپنی کی حدود میں ہونا لازمی ہے، ان صارفین جو کسی پرائیویٹ بجلی بنانے والے سے بجلی خرید رہے ہیں ،کو موجودہ بجلی کی تقسیم کار کمپنی کا کنکشن بھی رکھنے کی اجازت ہو گی ،پاور ڈویژن نے بجلی پیدا کرنیوالے کیلئے بھی تحفظات کا اضافہ کیا ہے، سفارشات کی بدولت سرمایہ کاروں کو دوسرا خریدار تلاش کرنے کی سہولت دی گئی ہے ، کسی بھی تقسیم کار کمپنی کے بڑے پیمانے پر بجلی خریدنے والے صارفین کی اس کمپنی سے متعلقہ ہونے کی صورت میں ویلنگ چارجز میں تاروں کی صلاحیت کے چارجز بھی لگائے جائیں گے، پاور ڈو یژ ن اس نتیجے پر پہنچی ہےکہ ملک میں بجلی کے پرائیویٹ سطح پر خرید و فروخت کو ممکن بنانے کیلئے موجودہ ریگولیشنز ناکافی ہیں اور ان میں ترامیم انتہائی لازمی ہیں، تمام تقسیم کا ر کمپنیوں کو ہدایت جا ری کی ہوئی ہیں کہ تمام فیڈرز پر موجودہ بجلی کے نیٹ ورک کے ذریعے پرائیویٹ پاور پروڈیوسرز کیلئے تمام سہولیات و معلومات فراہم کی جائیں۔
تازہ ترین