• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نسلی منافرت پھیلانے والے عناصر اسلاموفوبیا کا فروغ چاہتے ہیں،شیڈو وزیرافضل خان

مانچسٹر (علامہ عظیم جی) مسلم کمیونٹی کو برطانیہ میں ملٹی کلچرل اور ملٹی فیتھ معاشرہ کے فروغ کے لئے بڑھ چڑھ کر کام کرنا چاہئے۔ نسلی مساوات کو برطانوی کمیونٹی میں کبھی ویلکم نہیں کیا گیا چند مٹھی بھر لوگ مسلمانوں کےخلاف نفرت پھیلا رہے ہیں، ان کا مقصد اسلاموفوبیا کو فروغ دینا اور میڈیا کی توجہ اپنی طرف اپنی طرف مبذول کروانا ہے ،مسلمانوں کو باہمی اتحاد اور چوکنا رہنے کی ضرورت ہے، مسلمانوں کو اپنے زیادہ سے زیادہ نمائندے کونسلز، پارلیمنٹ میں منتخب کرانے کے ساتھ ساتھ سکولوں میں بورڈ آف گورنرز اور نیبرہڈ پروگراموں میں حصہ لینا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار پیس فار آل بلیک سٹون مانچسٹر کی طرف سے 3اپریل کو مسلمانوں کے خلاف نفرت کا دن منانے کے تدارک اور غوروفکر کرنے کے لئے اجلاس کے موقع پر شیڈو وزیرامیگریشن افضل خان ایم پی نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تین اپریل کو مسلم پنشمنٹ ڈے محض ایک شوشہ ہے، اس کے پیچھے کوئی سنجیدہ ایجنڈا نہیں ہے تاہم پولیس اس کی تحقیقات کررہی ہے اور پولیس نے بار بار یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اس صورتحال سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور پولیس کمیونٹی رہنمائوں سے مکمل رابطے میں ہے تاہم اگر کوئی ایسی حرکت ہو تو فوری پولیس کو اطلاع دی جائے۔ بزنس کمیونٹی رہنما بلیک سٹون کے ڈائریکٹر چوہدری طاہر صدیق نے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں مقامی ممبرپارلیمنٹ کونسل اور پولیس سے رابطے میں ہیں اگر کوئی واقعہ ہو جو ان سے بھی رابطہ کریں ہم بھرپور معاونت کریں گے۔ پیس فار آل کے کوآرڈینیٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 3اپریل کو ہم ہیومن لو ڈے منائیں گے اور مقامی انگریز کمیونٹی کے ساتھ رابطے کریں گے۔
تازہ ترین