• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیز کمیونٹی کی اسلام اور پاکستان سے محبت مثالی ہے، خواجہ محمد ہوتی

برمنگھم (ابرار مغل/ عمران منور) پاکستان کے سابق وفاقی وزیر نوابزادہ خواجہ محمد ہوتی نے کہا ہے کہ بیرون پاکستان مقیم محبان وطن نے ہمیشہ تعصب، علاقائی ازم اور سیاسی گروہ بندی سے بالاتر ہوکر مملکت خداداد پاکستان اور پاکستانیوں کی بھرپور مدد کی۔ عالمی سطح پر برٹش پاکستانی کمیونٹی کی وجہ سے پاکستان کے وقار اور عزت میں اضافہ ہورہا ہے۔ دیارغیر میں نامساعد حالات اور برطانیہ میں بڑھتے مسائل کے باوجود بھی یہاں کی کمیونٹی کی پاکستان اور اسلام سے محبت اور عقیدت مثالی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برمنگھم میں لیبر پارٹی کے متحرک رہنما اور معروف سیاسی و کاروباری شخصیت محمد فاروق خان کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس تقریب میں خصوصی شرکت ممبر آف برٹش پارلیمنٹ راجر گارڈ سف نے کی۔ محمد فاروق خان نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی میں ٹیلنٹ اور قابلیت کی کمی نہیں ہے۔ ہنرمندی اور محنت کی وجہ سے ہم ہر میدان زندگی میں اپنا اور پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوابزادہ خواجہ محمد ہوتی نے ہمیشہ اپنے کردار سے اوورسیز کمیونٹی کے مسائل کم کرنے کی جدوجہد کی ہے۔ تقریب سے لیبر پارٹی کے رہنما عباس خان، کونسلر محمد فاضل محمد ادریس خان، آصف حیدر، میاں سیف الرحمٰن، راجہ عبید نے بھی خطاب کیا۔ نوابزادہ خواجہ محمد ہوتی نے مزید کہا کہ پاکستان برصغیر کے کروڑوں مسلمانوں کی امیدوں کا محور و مرکز ہے۔ یہ قیامت تک قائم ہونے کے لیے بنا ہے۔ پاکستان اور اسلام کے دشمن ناکام رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی اوورسیز کمیونٹی اس دیار میں مقامی سیاست اور کاروبار میں آگے بڑھ کر ملک و ملت کا نام روشن کرے۔ ممبر پارلیمنٹ راجر گارڈسف اور دیگر مقررین نے کہا کہ برطانیہ میں محمد فاروق خان نے اپنی قابلیت اور محنت سے سیاست اور کاروبار میں نام کمایا ہے، ہمیشہ دونوں ممالک کے درمیان مثالی مراسم کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔ مقررین نے کہا کہ برطانیہ کے پاکستانی و کشمیری انتہائی مہمان نواز اور محب الوطن پاکستانی ہیں۔ جنہوں نے ہمیشہ پاکستان سے آنے والوں کی خوب خدمت کی ہے۔ اس سے قبل نوابزادہ خواجہ محمد ہوتی کا برمنگھم آمد پر محمد فاروق خان اور ان کے رفقا نے استقبال کیااور بچوں نے پھول بھی پیش کیے۔ آخر میں پاکستان و برطانیہ کے استحکام کے لیے دعا بھی کروائی گئی.

تازہ ترین