• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرامن احتجاج کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی، پروفیسر ظفر

لوٹن (شہزاد علی) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سفارتی شعبہ کے سربراہ پروفیسر ظفر خان نےکہا ہے کہ آزاد کشمیر میں فرنٹ اور دیگر کشمیری کنٹرول لائن پر فائرنگ کے متاثرین سے یکجہتی کرنا چاہتے تھے۔ اس پرامن احتجاج کو تشدد کے حربے استعمال کر کے سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی۔ وہ الخدمت سینٹر بری پارک میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے جس کا اہتمام جنرل سیکریٹری فرنٹ برطانیہ سید تحسین گیلانی نے کیا تھا۔ پروفیسر ظفر خان نے کہا کہ برطانیہ میں ہائی کمیشن پاکستان کو فرنٹ ڈپلومیٹک ونگ نے ایک مکتوب کے ذریعے واضح کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں پرامن مارچ کے خلاف دفعہ 144 لگا کر ان کے سیاسی اور بنیادی حقوق سلب کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس صورتحال پر احتجاج کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اپنا خصوصی نمائندہ مقرر کرکے کراس بارڈر فائرنگ کی تحقیقات کرائے اوربھارت کے آئے روز کے مظالم کی تحقیقات کرائی جائے، مطالبات نہ پورے کیے گئے تو وسیع سطح پر احتجاج کیا جائے گا۔صدر فرنٹ برطانیہ صابر گل نے کہا کہ ہم سیز فائر لائن کو کراس نہیں کرنا چاہتے تھے بلکہ جو کراس فائرنگ سے بے گناہ سویلین مارے جارہے ہیں اس کے خلاف پر امن مارچ کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 23مارچ کوجنیوا میں احتجاج کریں گے ۔ فرنٹ برطانیہ کے جنرل سیکریٹری سید تحسین گیلانی نے کہا کہ مارچ شرکاء پر جبر و تشدد کی عدالتی انکوائری قائم کی جائے۔آزاد کشمیر میں مارچ کے حوالے قائم کیے گئے تمام مقدمات ختم کیے جائیں ۔ سابق صدر فرنٹ لطیف ملک، بزرگ رہنما ملک اعجاز اور صدر لوٹن راجہ کمان افسر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پرامن مارچ کے خلاف دفعہ 144کا نفاذ بلاجواز اور گرفتاریاں اور تشدد کے حربے استعمال کر کے ظلم کیا گیا فرنٹ اس واقعہ کی شدت سے مذمت کرتی ہے دریں اثناء قبل ازیں فرنٹ نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ ہجیرہ میں پرامن عوام پر ریاستی دہشت، تشدد، لاٹھی چارج کی مذمت کرتے ہیں۔ فرنٹ بیان میں دعوی کیا گیا ہے کہ آزاد کشمیرحکومت جموں کشمیر کے عوام کے حقوق کی آواز کو دبانے لیے استعمال ہوتی ہے۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ برطانیہ زون کے سینئر نائب صدر ملک مشتاق ، چیف آرگنائزر ابرار نثار ،پبلسٹی سیکرٹری شکیل جرال، آڈیٹر احسان انصاری، نائب صدر راسب کشمیری، نائِب صدر منظور صابری ، ڈپٹی سیکرٹری محمود حسین، اسٹنٹ سیکرٹری ممتاز مرزا اور سیکرٹری مالیات صنوبر حسین کی طرف سے مشترکہ مذمتی بیان میں کہا گیا کہ ہجیرہ میں پر امن مظاہرین پر تشدد آزاد کشمیر حکومت اور ریاستی مشینری کا نہتے پرامن مظاہرین پر تشدد بیرونی قوتوں کے کالے قوانین کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ سیز فائر لائن پر بیرونی قوتوں پر جنگی جنون سوار ہے معصوم بچوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے جموں کشمیر کے عوام خوف کے عالم میں اپنی زندگیاں گزارنے پر مجبور ہیں زونل قیادت جموں کشمیر لبریشن فرنٹ برطانیہ کی طرف سے جاری مشترکہ بیان میں مزید کہا کہ لبریشن فرنٹ برطانیہ آزاد کشمیر میں عوام کے حقوق اور ان کے بنیادی انسانی حقوق کی آواز کو دبنے نہیں دے گا۔ جموں کشمیر کی عوام اپنی آزادی خودمختاری اور علیحدہ تشخص کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں لبریشن فرنٹ کشمیری عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے عوام کے بنیادی انسانی حقوق، خطہ میں امن کے قیام ،جموں کشمیر میں قائم بیرونی تسلط اور بیرونی افواج کے انخلاء کے لیے سفارتی اور سیاسی جدوجہد کو جاری رکھے گا۔
تازہ ترین