• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

یورپی ممالک نے ایران کے خلاف تازہ پابندیوں کی تیاری کرلی

یورپی ممالک نے ایران کے خلاف تازہ پابندیوں کی تیاری کرلی

برسلز(این این آئی)ایرانی جوہری معاہدے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تحفظات اور اس ضمن میں جاری کردہ الٹی میٹم کے پیش نظر جرمنی، برطانیہ اور فرانس کی جانب سے ایران پر تازہ پابندیاں عائد کرنے کی تجاویز پیش کی گئی ہیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق ایران کے متنازع بیلسٹک میزائل پروگرام اور شام میں جاری خانہ جنگی میں ایران کے کردار کے نتیجے میں برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے یورپی یونین کی جانب سے مزید پابندیاں عائد کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ ایک خفیہ دستاویز میں یہ تجاویز واشنگٹن حکومت کو2015میں تہران حکومت کے ساتھ طے پانے والے جوہری معاہدے کو جاری رکھنے پر آمادہ کرنے کے سلسلے میں کی گئی ہیں۔ یہ دستاویزات یورپی یونین کو بھیجے گئے ہیں اس کا مقصد ایران پر نئی مجوزہ پابندیاں عائد کرنے کے سلسلے میں دیگر 28رکن ممالک کی حمایت حاصل کرنا ہے۔اس دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ آنے والے دنوں میں ایران کے ایسے افراد اور اداروں کی فہرست شائع کی جائے گی، جن کی عوامی سرگرمیوں پر عالمی برادری کو شدید تحفظات ہیں۔ مزید یہ کہ ایران کی جانب سے کیے گئے بیلسٹک میزائل کے تجربے اور شام میں سات سال سے جاری خانہ جنگی میں ایران کے منفی کردار کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔ دوسری جانب تہران حکومت کی جانب سے اس معاہدے سے امریکہ کی ممکنہ علیحدگی پر تنقید جاری ہے۔میڈیا کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکہ کا اس معاہدے سے نکلنا اس کی ایک بہت بڑی غلطی ہوگی۔

تازہ ترین
تازہ ترین