• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناقص منصوبہ بندی، ایک دن قبل تعمیر کی گئی ڈالمیا روڈ پر سیوریج کا پانی جمع

کراچی( افضل ندیم ڈوگر)کراچی میں ٹھیکے دار کی ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے ایک روز قبل تعمیر کی گئی مرکزی شارع پر سیوریج کا پانی جمع ہوگیا ہے۔ جس سے اس مقام پر نئے منصوبے کی ٹوٹ پھوٹ کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں یکدم شروع کیے گئے تعمیراتی منصوبے جہاں شہریوں کیلئے مشکلات کا سبب بن رہے ہیں وہیں جلد بازی اور ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے غیرمعیاری کام سامنے آرہا ہے۔ راشد منہاس روڈ کے ملینیم سگنل سے نیشنل اسٹیڈیم کی جانے والے ڈالمیا روڈ کا تعمیراتی کام ابھی بھی جاری ہے۔ اس مرکزی شارع پر گلشن جمال کے ساتھ ٹوٹی ہوئی سیوریج لائن کی مرمت نہیں کی گئی ایک مقام پر تو سیوریج کے پانی کو باقاعدہ بند بنا کر روک دیا گیا اور ٹھیکیدار نے ہفتے کی رات کو نئی سڑک بنا دی۔ تعمیراتی عملے کے جاتے ہی سیوریج لائن کا پانی نئی نویلی سڑک پر جمع ہونے لگا ہے۔ ماضی میں بھی سیوریج لائن ٹوٹنے اور پانی کی وجہ سے یہاں سڑک برسوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی اور اب نئی سڑک کے بھی چند دنوں میں ٹوٹ پھوٹ کا اندیشہ ہے۔ ٹھیکیداروں کی اس نوعیت کی غفلت اور سیوریج کے پانی کی معمولی لیکجز کی وجہ سے کراچی میں اربوں روپے کے منصوبے برباد ہوجاتے ہیں۔ اس سلسلے میں کراچی کے نئے منصوبوں کے پروجیکٹ مینجر خالد مسرور سے ان کے موبائل فون پر بار بار رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر بات نہیں ہوسکی۔ موقف لینے کیلئے ان کے واہٹس ایپ پر بھی سوالات بھیجے گئے جو انہوں نے پڑھے مگر جواب نہیں دیا۔ انجنیئرنگ کونسل ذرائع کے مطابق ڈالمیا روڈ کا ترقیاتی کام کرنے والی کمپنی کوئٹہ سے رجسٹرڈ ہے۔ کمپنی کے کوئٹہ کے لینڈ لائن نمبر پر کافی کالیں کی گئیں مگر کسی نے فون اٹینڈ نہیں کیا۔
تازہ ترین