• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انصاف کیلئے سورہیہ بادشاہ کا مقدمہ دوبارہ چلایا جائے، فنکشنل لیگ

کراچی (پ ر) فنکشنل مسلم لیگ نے شہید سورہیہ بادشاہ کے یوم شہادت کے موقع پر بیس مارچ کو عام تعطیل کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید سورہیہ بادشاہ کا مقدمہ ری اوپن کرکے دوبارہ چلایا جائے تاکہ حُر جماعت کو انصاف مل سکے سورہیہ بادشاہ کے مقدمے میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے گئے، شہید سورہیہ بادشاہ نے وطن کے لئے اپنی جان قربان کی، جنگ آزادی میں شہید سورہیہ بادشاہ اور حُروں کی قربانیوں کو نصاب کا حصہ بنایا جائے، ان خیالات کا اظہار فنکشنل لیگ کے رہنماؤں سینیٹر مظفر حسین شاہ، سردار رحیم، مہتاب اکبر راشدی، نصرت سحر عباسی، عبدالکریم شیخ، ارشد شر بلوچ ایڈووکیٹ، انور خان، مختیار سہتو، سینئر صحافی فقیر بچل لغاری اور دیگر نے شہید سورہیہ بادشاہ کے پچہترویں یوم شہادت کی مناسبت سے آرٹس کونسل آف پاکستان میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا، سینیٹر مظفر حسین شاہ نے کہا کہ شہید سورہیہ بادشاہ نے وطن یا کفن کا نعرہ لگایا اور اپنا سر نہیں جھکایا صبغت اللہ شاہ راشدی کی تحریک میں شامل لوگوں کی داستانیں قربانیوں سے بھری پڑی ہیں، انہوں نے کہا کہ سورہیہ بادشاہ کی تحریک پر تحقیق وقت کی ضرورت ہے سورہیہ بادشاہ کے مقدمے میں انصاف نہیں کیا گیا سورہیہ بادشاہ کا مقدمہ دوبارہ چلایا جائے اور حُر جماعت کو انصاف دلایا جائے، سردار رحیم نے اپنے خطاب میں شہید سورہیہ بادشاہ کی وطن کے لئے خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ شہید سورہیہ بادشاہ کی لازوال قربانی سے ہمیں سبق سیکھنا چاہئے، سردار رحیم نے جلد کراچی میں پیر صاحب پاگارا کا جلسہ کرنے کا بھی اعلان کیا، مہتاب اکبر راشدی نے کہا کہ برصغیر میں شہید سورہیہ بادشاہ کی پہلی آواز تھی جو وطن کے لئے تھی، پیر پاگارا سورہیہ بادشاہ نے جبر اور ظلم کے خلاف آواز بلند کی، نصرت سحر عباسی کا کہنا تھا کہ ہم روز روز کی تعطیلات کے ہرگز حق میں نہیں ہیں لیکن جس شخصیت کی وطن کے لئے قربانی ہو اس کے لئے ایک دن کی چھٹی دینا کوئی بڑی بات نہیں ہے۔
تازہ ترین