• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایون فیلڈریفرنس ،ملزمان کودی گئی کاپیوں میں 8 صفحات غائب

ایون فیلڈریفرنس ،ملزمان کودی گئی کاپیوں میں 8 صفحات غائب

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی سماعت میںمریم نواز کے وکیل نےدستاویزات پراعتراض اٹھادیئے اور کہا کہ ملزمان کودی گئی ریفرنس کاپیوں میں 8 صفحات غائب ہیں۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر شریف خاندان کے خلاف ریفرنس پر سماعت کر رہے ہیں۔

واجد ضیاء نے عدالت میں شیزی نقوی کا بیان حلفی، حسین نواز اور مریم نواز کے درمیان معاہدے کا خط، فلیگ شپ انویسٹمنٹ کے تحت قائم کمپنیوں کی فنانشل دستاویزات، آف شور کمپنیوں سے متعلق فلو چارٹ، مختلف کمپنیوں کے مابین لین دین اور رقوم کی منتقلی کا ریکارڈ اور متحدہ عرب امارات ایمبیسی کا جوابی خط بھی پیش کیا۔

دوران سماعت مریم نواز کے وکیل ایڈووکیٹ امجد پرویز نےدستاویزات پراعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ ملزمان کودی گئی ریفرنس کاپیوں میں 8 صفحات غائب ہیں،ریفرنس 3 میں ملزمان کو دی جانے والی کاپی میں آخری صفحہ 235 ہے،عدالت اور نیب کے پاس موجود کاپی میں آخری صفحہ 243 ہے،والیم تین کے اضافی آٹھ صفحات کیوں غائب ہیں،؟ہمارے خلاف پیش کئے گئے تمام دستاویزات ملنا ہمارا حق ہے۔

نیب پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی نے کہا کہ بائنڈنگ کے وقت کچھ صفحات رہ گئے ہوں گے،اضافی آٹھ صفحات فراہم کردیں گے۔امجد پرویزبیان کے دوران جرح کر رہے ہیں۔

امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا کہ میں جرح نہیں کر رہا، ہمیں کچھ چیزیں نہیں دی گئی،عدالت کی توجہ مبذول کروا رہا ہوں۔

اس پر جج نے کہا کہ آپ کی بات نوٹ کر لی ہے۔

واضح رہے کہ جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء کا بیان گذشتہ 3 سماعتوں سے جاری ہے، ان کا بیان مکمل ہونے پر مریم نواز کے وکیل امجد پرویز جرح کریں گے۔

تازہ ترین