• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، 100 انڈیکس 700 پوائنٹس بڑھ گیا

اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، 100 انڈیکس 700 پوائنٹس بڑھ گیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منگل کے روز زبردست تیزی کا رجحان دیکھا گیا اور 100انڈیکس 700پوائنٹس بڑھ گیا جس کے سبب انڈیکس 44ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کرگیا جبکہ 97ارب روپے کے اضافے سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ91کھرب روپے سے تجاوز کر گیا ۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کے روز کاروبار کا آغاز تیزی کے ساتھ ہوا ،سب سے زیادہ کاروبار ٹیکسٹائل، سیمنٹ،فوڈز،کمرشل بینک اور فرٹیلائیزر کے شعبوں میں ہوا جس کی وجہ سے ٹریڈنگ کے دوران 100انڈیکس 43600 ،43700 ،43800 ،43900 ، 44000 ،44100 ،44200 اور 44300 پوائنٹس کی 8بالائی حد عبور کرنے میں کامیاب رہا جبکہ کاروبار کے دوران انڈیکس ایک موقع پر44404 پوائنٹس کی بلند سطح کو بھی چھو گیا تھا ۔ اسٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق مقامی انسٹی ٹیوشنز اور بروکریج ہائوسز نے منافع بخش شعبوں میں کھل کر سرمایہ کاری کی اور مستقبل کے سودوں میں بھی دلچسپی لی جس کی وجہ سے کئی ہفتے بعد مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیوں میں نمایاں تیزی دیکھنے میں آئی ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو کاروبار کے اختتام پر 100انڈیکس میں 770.14 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 43539.60پوائنٹس سے بڑھ کر 44309.74 پوائنٹس ہو گیا اسی طرح 473.77 پوائنٹس کے اضافے سے 30انڈیکس 22173.78 پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 31619.13 پوائنٹس سے بڑھ کر 31963.17 پوائنٹس ہو گیا ۔کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 97ارب 64کروڑ 87لاکھ 71ہزار 19روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 90کھرب 63ارب 18کروڑ 41لاکھ 43ہزار 715روپے سے بڑھ کر 91کھرب 60ارب 83کروڑ 29لاکھ 14ہزار 734روپے ہو گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو 10ارب روپے مالیت کے 21کروڑ 99لاکھ 9ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ پیر کو 5ارب روپے مالیت کے11کروڑ 59لاکھ 68ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔ مجموعی طور پر 382کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 224کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،140میں کمی اور 18کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔

تازہ ترین