• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اے ٹی ایم و آن لائن ٹیکس ادائیگی کا نیا نظام جاری

اے ٹی ایم و آن لائن ٹیکس ادائیگی کا نیا نظام جاری

اسلام آباد(اے پی پی)ایف بی آر نے اے ٹی ایم اور آن لائن ٹیکس ادائیگی کا نیا نظام جاری کر دیا۔ منگل کو وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے محصو لات سینیٹر ہارون اختر خان اورگورنر اسٹیٹ بنک طارق باجوہ نے نئے نظام کا افتتاح کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سنیٹرہارون اختر خان نے کہا کہ ہم نے 5 سالوں میں ٹیکس محصولات کو دگنا کر دیا ہے جبکہ اس وقت افراط زر 4 فیصد سے بھی کم ہے،اس کے علاوہ کسٹمز میں ون ونڈو آپریشن کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا یونیورسل سیلف اسیسمنٹ اسکیم کا نفاذ ٹیکس گزاروں پر اعتماد کا اظہار ہے جسے مجروح نہیں ہونا چاہیے۔ ٹیکس چوری کے خاتمے کے لیے انفورسمنٹ کو مزید مستحکم بنا یا گیا ہے۔ ٹیکس گزاروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سنیٹرہارون اختر خان کا کہنا تھا کہ پچھلے 4 سالوں میں 75 فیصد مجموعی ریونیو گروتھ کے بعد موجودہ مالی سال میں ابھی تک 17.65 فیصد ریونیو گروتھ سامنے آ چکی ہے۔گورنر سٹیٹ بنک آف پاکستان طارق باجوہ نے اس موقع پر کہا کہ اے ٹی ایم اور آن لائن ٹیکس جمع کرانے سے ٹیکس نظام مزید فعال ہو گا اور ٹیکس کی خورد برد میں کمی واقع ہو گی۔ ایف بی آر کو ٹیکس نظام کے دیگر شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹیکس گزاروں کے لیے مزید آسانیاں پیدا کرنی چاہیں۔

تازہ ترین