• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاجربلاخوف ٹیکس نیٹ میں شامل ہوں، شعیب صدیقی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ محمد شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ تاجر بلاخوف پروفیشنل ٹیکس کے نیٹ میں شامل ہوں کسی بھی سر کاری اہلکار کو رشوت نہ دیں، محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا کوئی اہلکار نقد وصولی کا اختیار نہیں رکھتا وہ صرف سر کاری شرح کے مطابق چالان بنانے کا مجاز ہے،تاجر ٹیکس کا چالان بنوانے کے بعد بینک میں ٹیکس جمع کروائیں ،کسی بھی اہلکار سے خوفزدہ نہ ہوں اگر کوئی اہلکار اپنے اختیارات کا ناجائز فائدہ اُٹھانے یا رشوت لینے کی کوشش کرے تو تاجر فوری ہم سے رابطہ کریں، یہ بات انہوں منگل کو اپنے دفتر میں تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، وفد کی قیادت آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر محمود حامد اور نائب صدر عثمان شریف نے کی جبکہ وفد میں عبدالماجد چوہدری ،اقبال یوسف ،آرام باغ مارکیٹ کے کاملچاولہ ،محمد ایوب ،ندیم احمد ،بولٹن مارکیٹ کے جمیل احمد شیخ اور دیگر تاجر شامل تھے ،اسمال ٹریڈرز کراچی کے صدر محمودحامد نے کہا کہ پروفیشنل ٹیکس کے سلسلے میں سرکاری اہلکار مارکیٹوں میں تاجروں کو ہراساں کر رہے ہیں ،انہیں بھاری رقموں کے چالان دیکھا کر اور پچھلے سالوں کے بقایات دیکھا کر رشوت وصول کر رہے ہیں،انہوں نے کہا اسمال ٹریڈرز نے ہمیشہ ٹیکس کلچر کو فروغ دیا ہے اور ہم رشوت ستانی کی حوصلہ شکنی کر تے ہیں، ہم پرفیشنل ٹیکس کی ادائیگی کے لئے کرپشن سے پاک اور شفاف نظام کا نفاذ چاہتے ہیں، ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن محمد شعیب صدیقی نے کہا کہ تاجر خوف و ہراس سے باہر نکل آئیں ہم تاجروں کے تعاون سے کرپشن اور بدعنوانی کا خاتمہ کریں گے، جب بھی کسی اہلکار کے بارے میں ہمیں کرپشن کی شکایت موصول ہوتی ہے تو ہم سخت کارروائی کرتے ہیں تاجر اپنی اپنی ایسوسی ایشن کی نگرانی میں مارکیٹوں میں کیمپ لگوائیں ہم تاجر رہنماؤں کی نگرانی میں چالان بنوائیں گے، ہمارے تمام زونل ہیڈ تاجروں سے بھرپور تعاون کریں گے ان کا اعتماد بحال کریں گے اور کرپشن کا خاتمہ کریں گے۔
تازہ ترین