• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان آنیوالے غیر ملکی کرکٹرز کو فرنچائز نے اضافی معاوضہ دیا

سپر لیگ،پاکستان آنے والے غیر ملکی کر کٹرز کو فرنچائز نے بیس ہزار ڈالر فی کس اضافی دیئے

لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان سپر لیگ کے لئے پاکستان آنے والے غیر ملکی کرکٹرز کے نام حتمی طور پر طے ہوگئے ہیں۔

تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ ان دعوں کی تصدیق کرنے سے گریز کیا کہ ہر غیر ملکی کو پاکستان آنے کے لئے فرنچائز نے بیس ہزار ڈالرز فی کس اٖضافی ادا کئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فرنچائز ہر غیر ملکی کو پاکستان لانے کے لئے اضافی معاوضہ ادا کررہی ہے۔

پیر اور منگل کی درمیانی شب جب غیر ملکی کھلاڑیوں نے دبئی سے لاہور آتے ہوئے سفر بھرپورا نداز میں انجوائے کیا اور کسی موقع پر ایسا نہیں لگ رہا تھا کہ ان پر گھبراہٹ طاری ہے۔

چند بین الاقوامی کھلاڑیوں کی جانب سے لاہور اور کراچی میں پلے آف مرحلے میں شرکت سے انکار کے باوجود بین الاقوامی کرکٹ کے کئی صفِ اول کے کھلاڑیوں نے پاکستان آکر کھیلنے پر رضامندی کا اظہار کردیا۔

دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی کے جو بین الاقوامی کھلاڑی پاکستان آئے ہیں ان میں ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی، آندرے فلیچر، لیام ڈاسن، کرس جورڈن، تمیم اقبال اور رکی ویسلز شامل ہیں۔

پشاور زلمی کو جارح مزاج کھلاڑی ڈیوائن اسمتھ کی خدمات حاصل نہیں ہوگی جنہوں نے خاندانی وجوہات کے سبب پاکستان آنے سے انکار کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اپنے اہم غیر ملکی کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کا سامنا ہے جہاں شین واٹسن، بین لافلن اور کیون پیٹرسن پاکستان آنے سے انکار کر چکے ہیں جس سے گلیڈی ایٹرز کی ایونٹ میں پیش قدمی کی کوششوں کو شدید دھچکا لگا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کیون پیٹرسن اور شین واٹسن کے متبادل کے طور پر بنگلا دیش کے محموداللہ اور سری لنکا کے تھسارا پریرا کو ٹیم میں شامل کرلیا جبکہ ان کے ساتھ ساتھ رائلی روسو، کرس گرین اور ٹام کوہلر لیڈمور بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

کراچی کنگز کو ایلیمنیٹر 1 کی فاتح ٹیم سے لاہور میں ہی فائنل تک رسائی کے لیے ایلیمنیٹر 2 میں مقابلہ کرنا ہے، جہاں اسے لینڈل سمنز، جو ڈینلے، کولن انگرام، ٹائمل ملز، روی بھوپارا اور ڈیوڈ ویزے کی خدمات حاصل ہوں گی جبکہ ایون مورگن نے پاکستان آنے سے انکار کردیا۔

پی ایس ایل کی فائنلسٹ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایلکس ہیلز ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے، تاہم سمت پٹیل، اسٹیون فن، لیوک رونچی، جین پال ڈومینی، سیمیول بدری، چیڈوک والٹن شامل ہیں۔

تازہ ترین