• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹریفک حادثات، ایشیا میں پاکستان پہلے نمبر پرہے، جامعہ کراچی میں سیمینار

ٹریفک حادثات، ایشیا میں پاکستان پہلے نمبر پرہے، جامعہ کراچی میں سیمینار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پوری دنیا میں سالانہ روڈ حادثات کی وجہ سے 518بلین ڈالرز ضائع ہورہے ہیںجبکہ ہرسال تقریبا12لاکھ سے زائد افراد روڈ حادثات کی وجہ سے اموات کا شکارہوجاتے ہیں۔ڈاکٹر سلمان زبیرجامعہ کراچی کے شعبہ جغرافیہ کے اسسٹنٹ پروفیسرڈاکٹر سلمان زبیرنے کہا کہ پوری دنیا میں سالانہ روڈ حادثات کی وجہ سے 518 بلین ڈالرز ضائع ہو رہے ہیںجبکہ ہرسال تقریبا 12لاکھ سے زائد افراد روڈ حادثات کی وجہ سے اموات کا شکارہوجاتے ہیں اور دو تا پانچ کروڑ افراد مختلف نوعیت کے روڈ حادثات کی وجہ سے زخمی ہورہے ہیں ۔پاکستان میںروڈ حادثات کی شرح میں بتدریج اضافہ ہورہاہے۔موجودہ اعدادوشمار کے مطابق پوری دنیا میں اموات کی وجوہات میں روڈ حادثات نویں نمبر پر ہے اور اگر اس پر قابونہ پایاگیا تو2020 تک یہ تعداد تیسرے نمبر پر آجائے گی۔صرف کراچی میں روڈ حادثات کی وجہ سے ہر سال تقریباً50ارب سے زائد روپے ضائع ہورہے ہیں۔روڈ حادثات کا شکار ہونے والے افراد میں اکثریت نوجوانوں کی ہوتی ہےلہٰذا ہمارے نوجوان طبقے کو چاہیے کہ وہ نہ صرف خود ٹریفک کے قوانین کی پاسداری کریں بلکہ دوسروں کو بھی اس کی ترغیب بھی دیں اگرہماری نوجوان نسل مذکورہ مسئلے کو حل کرنے کیلئے اپنا مثبت اور کلیدی کردار اداکریں توکوئی وجہ نہیں کہ روڈ حادثات میں کمی واقع نہ ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ جغرافیہ اور نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کے زیر اہتمام روڈسیفٹی آگاہی واک اور جامعہ کراچی کے کلیہ سماجی علوم کی سماعت گاہ میں منعقدہ سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرجامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان، ایس ایس پی جامشورو موٹر وے پولیس کرم اللہ سومرو، نعیم اللہ شیخ اسٹاف آفیسر ڈئی آئی جی ،پروفیسر ڈاکٹر میر شبر علی ، پروفیسر ڈاکٹر جمیل کاظمی اور دیگر اساتذہ وموٹروے پولیس افسران بھی موجود تھے۔ڈاکٹر سلمان زبیر نے مز ید کہا کہ جامعہ کراچی کے اندر اور اطراف میں بالخصوص یونیورسٹی روڈ پر سڑک کا استعمال احتیاط سے کریں ۔ سڑک کراس کرتے ہوئے بالائی گزرگاہوں کا استعمال کریں ۔ انہوں نے جامعہ کراچی کے اندر رونماہونے والے روڈ حادثات کی کچھ تصاویر بھی پیش کیں اور طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لئے جامعہ کراچی کی انتظامیہ سے تعاون کریں۔ جامعہ کراچی کے شعبہ جغرافیہ کے چیئر مین پروفیسر ڈاکٹر جمیل حسن کاظمی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ روڈحادثات میں ایشیاء میں پاکستان پہلے نمبر پر ہے جبکہ دنیا بھر میں 48ویں نمبر پر ہے ۔کراچی روڈ حادثات میں دنیا بھر میں چوتھے نمبر پر ہے جو لمحہ فکریہ ہے۔ہمارے یہاں المیہ یہ ہے کہ ہماراپڑھا لکھا طبقہ بھی قانون کی پاسداری نہیں کرتا جس کی وجہ سے روڈ حادثات میں آئے دن اضافہ ہورہاہے۔سینئر پیٹرول آفیسر عمرتفضل نے کہا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ تعداد موٹر سائیکلزکی ہے ، موٹرسائیکل کے محفوظ استعمال سے کئی جانوں کو بچایا جا سکتاہے ۔موٹر سائیکل چلانے والوں کیلئے ہیلمٹ کا استعمال ناگزیر ہے کیونکہ ایک اچھی کوالٹی کے ہیلمٹ کے استعمال سے روڈحادثات میں ہونے والے نقصانات سے کافی حدتک بچا جا سکتا ہے۔ تقریب کے اختتام پر طلباوطالبات اور شرکاء نے سیمینار میں دلچسپی لیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے آگاہی سیمینار کا انعقاد وقتا فوقتا ہونا چاہیے تاکہ روڈ حادثات سے بچنے میں مدد ملے۔

تازہ ترین