• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خورد برد کاجرم ثابت،سابق یوٹیلٹی اسٹور انچارج جیل بھیج دیا گیا

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) انسداد رشوت ستانی کی خصوصی سینٹرل کورٹ برائے حیدرآباد کے جج سریش کمار نے نواب شاہ کے یوٹیلٹی اسٹور میں لاکھوں روپے مالیت کے سامان کی خوردبرد کے مقدمہ میں نامزد سابق یوٹیلٹی اسٹور انچارج کو جرم ثابت ہونے پر چار سال قید اور جرمانے کی سزا سنادی۔ اسی عدالت نے کوٹری کے یوٹیلٹی اسٹور میں سامان کی خوردبرد کے مقدمہ میں نامزد یوٹیلٹی اسٹور انچارج کی جانب سے اعتراف جرم کرنے اور خوردبرد کی گئی رقم واپس کرنے پر نامزد ملزم کو تابرخاست عدالت کھڑا رہنے اور 5 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنادی ۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے تھانہ حیدرآباد میں نواب شاہ کے یوٹیلٹی اسٹور جئیندو راجپر کے انچارج کے خلاف یوٹیلٹی اسٹور کے سامان میں تین لاکھ 10 ہزار 305 روپے کی خوردبرد کے مقدمہ میں نامزد سابق یوٹیلٹی اسٹور انچارج غلام مرتضیٰ ولد عثمان علی کو انسداد رشوت ستانی کی خصوصی سینٹرل کورٹ برائے حیدرآباد کے جج سریش کمار نے گذشتہ روز جرم ثابت ہونے پر چار سال قید بامشقت اور دو لاکھ 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی ہے، جرمانے کی رقم یوٹیلٹی اسٹور ڈپارٹمنٹ کوا دا کی جائے گی، جرمانے کی عدم ادائیگی پر ملزم کو مزید 6 ماہ قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔ عدالت کی جانب سے سزا کے بعد ایف آئی اے حیدرآباد نے نامزد ملزم غلام مرتضیٰ کو گرفتار کرکے جیل بھجوا دیا ہے۔ اسی عدالت نے یوٹیلٹی اسٹور ناگولین کوٹری میں ایک لاکھ 70 ہزار 162 روپے کے سامان کی خوردبرد کے مقدمہ میں نامزد سابق یوٹیلٹی اسٹور انچارج کامران دستگیر کی جانب سے جرم قبول کرنے اور خوردبرد کی گئی رقم رضا کارانہ طور پر واپس کرنے پر گذشتہ روز جرم ثابت ہونے پر پانچ ہزار روپے جرمانے اورتا برخاست عدالت کھڑا رہنے کی سزا سنادی ہے۔
تازہ ترین