• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احد چیمہ، اسرار سعید سمیت 6 ملزمان مزید 15دن کے لئے نیب کے حوالے

احد چیمہ، اسرار سعید سمیت 6 ملزمان مزید 15دن کے لئے نیب کے حوالے

لاہور (نمائندہ جنگ)احتساب عدالت لاہور کے جج محمد اعظم نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل میں گرفتار ایل ڈی اے کے سابق ڈی جی احد خان چیمہ، نجی کمپنی کے مالک شاہد شفیق اور دیگر 4 ملزمان کو مزید 15 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔احتساب عدالت نےآشیانہ ہاؤسنگ سکیم سکینڈل سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ نیب کے تفتیشی افسر پیش ہوئے اورعدالت کو بتایا کہ احد چیمہ نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں فراڈ کیا اور اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم شاہد شفیق نے بھی جعلی دستاویزات سے ٹھیکے حاصل کئے جبکہ دیگر ملزمان اسرار سعید، بلال قدوائی، امتیاز حیدر اور عارف مجید بٹ نے بھی آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل میں بے ضابطگیاں کیں۔اس موقع پر ملزمان کے وکیل نے عدالت میں دلائل دئیے کہ ایل ڈی اے نے آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کے ٹھیکے میں مکمل طریقہ کار اپنایا اور ٹھیکے کیلئے ایک کمیٹی بنائی گئی، جس نے قانون کے مطابق ٹھیکہ دیا۔اس ٹھیکے میں حکومت نے ایک روپیہ بھی جاری نہیں کیا اور اس معاہدے کے تحت پہلے کام مکمل کرنا تھا جس کے بعد ادائیگی ہونی تھی۔وکیل نے دلائل دئیےکہ جب کوئی پیسہ حکومت نے دیا ہی نہیں تو کرپشن کہاں ہوئی، جو جگہ حکومت پنجاب کی جانب سے دی گئی اس میں متعدد جگہ پر حکم امتناعی ہے۔ملزمان کے وکیل نے بتایا کہ نیلامی میں 86 کمپنیوں نے حصہ لیا، جن میں سے 28کمپنیاں منتخب ہوئیں ۔سماعت کے دوران ملزمان کے وکیل نے استفسار کیا کہ پروسیکیوشن بتائے کہ کیا ایک انچ زمین بھی ریلیز کی گئی، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ احد چیمہ نے آشیانہ سکیم میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں کیں اور 32 کنال اراضی اپنے خاندان کے افراد کو نوازی۔نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ احد چیمہ نے اپنے دور میں اختیارات سے تجاوز کیا اور دوران حراست 49کنال اراضی کا خود اقبال جرم بھی کیا۔نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ملزم احد چیمہ کے لیپ ٹاپ سے کافی مواد ملا، جس پر سرکاری وکیل نے کہا کہ احد چیمہ سے لیپ ٹاپ کی ڈیٹ سے متعلق مزید تفتیش درکار ہے۔بعد ازاں عدالت نے احمد چیمہ ، شاہد شفیق سمیت6 ملزمان کو 14روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔

تازہ ترین