• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غلط اسٹروکس اور امپائرنگ کے سبب زلمی سے ہارے،معین خان

غلط اسٹروکس اور امپائرنگ کے سبب زلمی سے ہارے،معین خان

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ معین خان کا کہنا ہےکہ شکست سے صدمہ ہوا ، اچھا میچ ضرور ہوا ہے لیکن ہم نے غیر ضروری شاٹس کھیلے، غلطیاں اور خراب امپائرنگ شکست کا سبب بنی۔ شین واٹسن اور کیون پیٹرسن کا نہ آنا بھی ہمارے خلاف گیا۔ پشاور کے ہاتھوں ڈرامائی شکست کے بعد معین خان نے کہا کہ پورے پی ایس یل میں امپائرنگ اوسط درجے کی تھی۔ ڈی آر ایس کے باوجود فاش غلطیاں کی گئیں ۔ پشاور کے خلاف میچ میں بغیر سوچے سمجھے چار چار متبادل کھلاڑی دے دیے گئے۔ علیم ڈار کو پریشر میں سوچ سمجھ کر فیصلے کرنے چاہیے تھے، اختتامی اوور میں انور علی کوشش قابل تحسین تھی ۔ میر حمزہ کو دوسرے رن کے لئے تیار رہنا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ نواز اور سرفراز کو اوپر بھیجنے کا فیصلہ درست تھا۔ اسد شفیق بھی اسی لئے اوپر آئے کہ کیون پیٹرسن اور شین واٹسن کی جگہ کسی تجربہ کار بیٹسمین کی ضرورت تھی۔ اسد کو پہلی گیند اچھی پڑ گئی۔ اوپر کے بیٹسمینوں میں کوئی استحکام نہیں دے سکا۔ انور ہمیں جیت کے قریب لے آئے تھے۔ سرفراز کی تعریف کرنا ہوگی کہ وہ اوپر آئے اور انہوں نے ذمے داری پوری کی۔ انہوں نے کہا کہ شین واٹسن نے پاکستان آنے کے لئے آمادگی ظاہر کی تھی۔ دیگر کھلاڑیوں کو بھی اپنی فیملی سے سپورٹ نہیں ملی۔ آئندہ ایسے کھلاڑیوں کو لینا چاہیے جو پاکستان آنے چاہتے ہیں۔ اسد شفیق اور عمر امین کی کارکردگی ہمارے لئے تشویش کی باعث ہے۔ ہمیں ان کے مستقبل کے بارے میں سوچنا ہوگا۔ کھلاڑیوں کو خود اپنی کارکردگی پر سوچنا ہوگا۔ معین خان نے کہا ہم ان کنڈیشن میں چوک کرتے ہیں جب ہماری ٹیم پوری نہیں ہوتی ہے۔

تازہ ترین