• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا کو بتا رہے ہیں مسئلہ کشمیر حل نہ ہونا تباہی کا سبب ہوگا، سید علی گیلانی

برمنگھم(پ ر) قائد حریت کشمیر سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ حالات چاہے کتنے مشکل اور نا مساعد ہوں کشمیری آزادی کی جدوجہد کو جاری رکھنے کا عزم رکھتے ہیں دنیا کو بار بار توجہ دلائی جارہی ہے کہ خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے ساتھ وابستہ ہے، دو ایٹمی قوتوں کے درمیان مسئلہ کشمیر اور سنگین حالات سے دنیا کو تباہی اور بربادی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا، بھارت اور پاکستان ستر سال میں درجنوں بار مذاکرات کے باوجود مسئلہ پُرامن طور پر حل نہیں کر سکے، اقوام متحدہ کو مداخلت کرنا ہوگی اور کشمیر ی ان وعدوں اور معاہدوں کی پاسداری چاہتے ہیں جو ان کے ساتھ کیے گئے تھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب کے ساتھ ٹیلفون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ سال سے گھر میں نظر بند ہوں ملاقات کرنے پر پابندیاں ہیں بھارت نے کشمیر میں ہر گھر کو جیل خانہ بنا رکھا ہے۔ حریت قیادت پر کالے قوانین کے تحت جعلی مقدمے بنائے جارہے ہیں اور جیلیں بھری جارہی ہیں، عالمی انسانی حقوق کے علمبرداروں نے انکھیں بند کر رکھی ہیں کشمیریوں کو بھارت کی درندہ صفت فوج نے دہشت گردی کا نشانہ بنا رکھا ہے ہر روز نوجوان شہید کیے جارہے ہیں، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی برطانیہ آمد پر شدید احتجاج کر کے دنیا پرواضح کیا جائے گا کہ مودی کا انسانی حقوق کا ریکارڈ خراب ہے اور انہیں گلے نہ لگایا جائے، کامن ویلتھ ممالک کو مسئلہ کشمیر پر توجہ دلائی جائے۔ تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے کہا کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد ایک عرصے کے بعدعلی گیلانی سے فون پر بات ہوئی ہے، ان مشکل ترین حالات میں بھی ان کے حوصلے بلند ہیں، محمد غالب نے گفتگو میں سید علی گیلانی کو یورپین ممالک میں سیاسی اور سفارتی محاذ پر کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا گیا کہ یورپین ایوانوں میں مظلوم اور محکوم کشمیریوں کی آواز کو پہنچایا جا رہا ہے اور بھارت کے مظالم اور دہشت گردی کو بے نقاب کیا جارہا ہے۔
تازہ ترین