• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل،اس قسم کے سنسنی خیز میچز نہیں دیکھے،سکندر بخت

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے مارننگ شو ’جیو پاکستان ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سکندر بخت نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں اس قسم کے سنسنی خیز میچز نہیں دیکھے ،وسیم اکرم نے کہا کہ لوگوں میں جوش وخروش نیک شگون ہے ،پورا پی ایس ایل وطن آجائے تو اس سے بہتر کیا ہو سکتا ہے ،جسٹس( ر) شائق عثمانی نے کہا کہ عام آدمی کا الیکشن لڑنا مشکل ہو گیا ہے۔پروگرام کے میزبان ہمار امیر شاہ اور عبداللہ سلطان نے لاہور میں ہونے والے پی ایس ایل ایلی منیٹر رائونڈ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیا ن سنسنی خیز مقابلہ ہوا اور آخری بال پر میچ کا فیصلہ پشاور کے حق میں چلا گیا ، ساتھ ہی انہوںنے کہا کہ لاہور میں بارشوں کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ روز میچ شروع ہونے سے پہلے گرائونڈ میں موسلا دھار بارش جاری تھی لیکن اس کے باجود انتظامیہ نے میچ کا ہونا یقینی بنایا ۔سینئر اسپورٹس صحافی سکندر بخت نے کہا کہ سیکورٹی انتظامات پر پولیس ،رینجرز ، سیکورٹی ایجنسیز اورجو بھی اس ایونٹ کو سیکورٹی فراہم کررہے ہیں ان کا بہت شکریہ ادا کرتے ہیں ،خراج تحسین پیش کرتے ہیں لیکن جہاں تک انتظامیہ کی بات کی جائے تو سیکورٹی کی وجہ سے لاہور میں ٹریفک انتہائی متاثر رہا اور لوگ چار سے پانچ گھنٹے تک ٹریفک میں پھنسے رہے ، عبداللہ سلطان نے کہا کہ گزشتہ برس لاہور میں فائنل ہواتھا اس وقت بھی یہی صورتحال تھی لیکن ایسے اقدامات ہر سال قابل قبول نہیں ہوں گے جس سے عوام کو تکلیف پہنچے ، آئندہ آنے والے میچز میں انتظامیہ کو اس سے بہتر منصوبہ بندی کے ساتھ اقدامات کرنا ہوں گے ۔سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت نے کہا کہ میں سیڑھیوں پر تھا اور انور علی کو باتیں سنا تا جارہا تھا کہ اتنے دن ہوگئے اس نے کوئی شاٹ نہیں مارا ، چھکا نہیں لگایا ، عجیب کھلاڑی ہے ، میں بہت غصے میں تھا لیکن اچانک چیخوں کی آواز آئی اور میں بھاگ کر واپس گیا ،میں نے دیکھا کہ اتنے زبر دست چھکے لگ رہے ہیں ، انہوںنے کہا جس طرح پی ایس ایل کے میچز ہورہے ہیں میں نے پوری دنیا میں اس قسم کے سنسنی خیز میچز نہیں دیکھے ۔ انہوں نے پشاور زلمی کے کپتان کے حوالے سے کہا کہ سیمی ان فٹ ہیں لیکن اس کے باوجود وہ کھیل رہے ہیں وہ صرف اپنی ٹیم کے لیے کھیل رہے ہیں وہ سو فیصد پین کلرز اور انجیکشن لے رہے ہوں گے اس میں سبق ہے کہ اپنی ٹیم کے لیے کس طرح لڑا جاتا ہے ۔سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے کہا کہ جب آخری اوور رہ گیا تھا تو مجھے علم تھا ڈاسو بالنگ کرے گا اور بہت کم ایسا ہوتا ہے کہ آخری اوور میں 25رنز بنے تو میں سونے چلا گیا لیکن جب صبح اٹھ کر میں نے اسکور دیکھا تو مجھے احساس ہوا کہ کیا زبردست میچ ہوا ہے ۔انہوںنے کہا پی ایس ایل میں جس طریقے سے لوگوں میں جوش وخروش نظر آیا وہ نیک شگون ہے جس کی مبارکباد سیکورٹی ایجنسیز ، پی سی بی ، چیئرمین نجم سیٹھی اور تمام انتظامیہ کو جاتی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں وسیم اکرم نے کہا کہ ڈرافٹ میں ہر کھلاڑی کے نام کے آگے اس کی دستیابی کے لیے ہاں یا ناں یا شاید کا آپشن موجود ہوتا ہے ۔ کچھ کھلاڑیوں نے پہلے ہی سے نہیں پر نشان لگایا ہوا تھا اور کچھ نے شاید اور ہاں لکھا تھا ، سب کو پتا تھا کہ کس نے آنا ہے یا کس نہیں آنا انہوںنے کہا یہ ایک ذاتی فیصلہ ہے ہم صرف ان کو بتاسکتے ہیں ۔انہوںنے کہا اگر پورا پی ایس ایل پاکستان آجائے تو اس سے بہتر کیا ہوسکتا ہے ۔ شیخ رشید کی نااہلی سے متعلق درخواست کی سماعت پر عدالت کے ریمارکس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جسٹس (ر) شائق عثمانی نے کہا کہ کورٹ کے فیصلے میں ہر ایک چیز نظیر نہیں ہوتی ، پاناما کیس میں جو چیز سامنے آئی اگر کوئی آدمی الیکشن کے لیے کھڑا ہوتا ہے تو اسے اثاثے ظاہر کرنا ہوتے ہیں اس دوران اگر وہ کوئی چیز واضح نہیں کرتا اور ایسا لگتا ہے کہ اس نے کچھ چھپانے کی کوشش کی تو اس صورت میں یہ عمل اس کے خلاف جائے گا اور سمجھا جائے گا کہ اس نے اپنے اثاثے ظاہر نہیں کیے ۔پاناما فیصلے کے تناظر میں جسٹس فائزعیسیٰ نے کہا تھا کہ پاکستان میں الیکشن لڑنا مشکل ہوگیا ہے اس پر شائق نے کہا کہ یہ بات درست ہے کیونکہ اب سیاستدانوں کی ایمانداری پر بہت زیادہ دبائو ہے اسی وجہ سے کسی بھی عام آدمی کا الیکشن لڑنا مشکل ہوگیا ہے ۔انہوںنے کہاسپریم کورٹ اپنے ہر فیصلے کا دوبارہ جائزہ لے سکتی ہے باقی جتنی کورٹس بھی پاکستان میں ہیں وہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے بائونڈ ہوتی ہیں ۔ کامران ٹیسوری پارٹی چھوڑ گئے ہیں لیکن ایم کیو ایم ابھی تک تقسیم نظر آرہی ہے ، ایم کیو ایم کی پارٹی صدارت کے مسئلے پر ایم کیو ایم کے رہنما کنور نوید نے کہا کہ ہم نے فاروق ستار سے کہا ہے کہ وہ پارٹی کی کنوینر شپ سنبھالیں کیونکہ کامران ٹیسوری جن کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے وہ ہمیں قابل قبول نہیں ہیں ، گزشتہ روز یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ فاروق ستار نے کامران ٹیسوری کا استعفیٰ مسترد کردیا ہے ۔ پہلے وہ اس معاملے کو حل کرلیں تو یقینا ًمعاملہ بہتری کی طرف گامزن ہوجائے گا۔ایک سوال کے جواب میں کنورنوید کا کہنا تھا کہ فاروق ستار نے بہت سی غلطیاں دہرائی ہیں اور تنظیمی خلاف ورزیاں کرنے کے باوجود ہم اپنے اس مئوقف پر قائم ہیں کہ فاروق ستار تشریف لائیں اورکنوینر شپ سنبھالیں ۔ ثالثی کرانے والے سردار احمد کے حوالے سے کنور نوید نے کہا کہ ہم ان کی عزت کرتے ہیں ، وہ ہمارے پاس وہی تجویز لائے تھے جو فاروق ستار کا مطالبہ تھا کہ رابطہ کمیٹی کو ختم کردیا جائے تو میں آنے کوتیار ہوں ۔ سپریم کورٹ لاکھ آواز اٹھاتی رہے ، کراچی کا کچرانہیں اٹھے گا، عدالتی حکم کو تین دن ہوگئے لیکن شہرمیں تبدیلی کے کوئی آثار نہیں ۔ اس پر وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے کہا کہ کراچی کے کچرے کے حوالے سے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ 2014میں بنایا گیا تھا جس کو 2017میں آئوٹ سورس کیا گیا بورڈاچھا کام کررہا ہے اور اس میں بہتری بھی نظر آرہی ہے یقینا ًٹائم لگے گا اور شہر کا کچرا صاف ہوجائے گا ۔ کچرا اٹھانا ڈی ایم سی کی ذمہ داری ہے ، سالڈ ویسٹ بورڈ بننے کے بعد ڈی ایم سی نے اپنے کائونسل ریگولیشن کراس کرکے یہ ذمہ داری سالڈ ویسٹ ڈیپارٹمنٹ کو دیدی تھی ۔کیریئر کائونسلر ایجوکیشنسٹ سید عابدی نے ایکسچینج پروگرام پر پاکستانی طلبا و طلبات کو ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ ایکسچینج پروگرام دو اداروں کے درمیان انتظام کا نام ہے جبکہ مختلف ایجنسیز کے تحت ایکسچینج پروگرام کی فنڈنگ کا انتظام بھی کیا جاتا ہے ۔
تازہ ترین